بلاول بھٹو زرداری امجد صابری کے گھرآمد اہل خانہ سے اظہارتعزیت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 جون 2016 14:21

بلاول بھٹو زرداری امجد صابری کے گھرآمد اہل خانہ سے اظہارتعزیت

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جون۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری معروف قوال امجد صابری کے گھر پہنچے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال بھی ان کے ہمراہ تھے۔بعدازاں صحافیوںسے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ تعزیت کرنے آئے ہیں کسی سیاسی سوال کا جواب نہیں دیں گے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے جواب کے لئے سہیل انور سیال کو آگے کردیا اور کہا کہ جواب دو سندھ گورنمنٹ جواب دو۔بلاول بھٹو زرداری کی لیاقت آباد آمد کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور امجد صابری کے گھر میں میڈیا سمیت کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ان کی آمد سے قبل پورے محلے کی غیر معمولی صفائی ستھرائی بھی کئی گئی تھی۔

اہل محلہ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل علاقے میں کبھی صفائی کے ایسے انتظامات نہیں دیکھے گئے۔بلاول کی سیکورٹی کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور سراغ رساں کتے کی مدد بھی لی گئی۔ بلاول بھٹو کے پہنچنے کے ساتھ ہی علاقے میں جامر لگا دئیے گئے۔ بلاول بھٹو نے شہید امجد صابری کے بیٹے کو گلے لگایا اور اپنے ساتھ بٹھایا۔ جب صحافیوں نے سوال کیا کہ امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغوا پر کیا اقدامات کیے گئے تو جواب دینے کے بجائے سوال کا رخ وزیر داخلہ کی جانب کر دیا اور کہا جواب دو سندھ حکومت جواب دو۔