کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہے‘میرواعظ عمر فاوق

منگل 28 جون 2016 13:33

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں اپنے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ جدوجہد آزادی کشمیر اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ استقامت اور وابستگی کو تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے ناگزیرہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ان خیالات کا اظہار درگاہ دستگیر صاحب سرینگر میں خلیفہ چہارم حضرت علی کے یوم شہادت کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے جدوجہد آزادی کیلئے بے مثال جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں ان کا تقاضا ہے کہ ہم اس تحریک کو منطقی انجام تک لے جانے کیلئے ہر سطح پر فکری یکسوئی کا مظاہرہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حضرت علی کی پوری زندگی مسلمانان عالم کیلئے مشعل راہ ہے اور ان کی مجاہدانہ اور سرفروشانہ حیات طیبہ کا ہر پہلو مسلمانوں اور پوری انسانیت کیلئے لا زوال سرچشمہ ہدایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علی نے اپنی پوری زندگی اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کے دفاع اور نصرت میں صرف کی اور اس عظیم ہستی کو یہ اعزار حاصل ہے کہ ان کی ولادت اللہ کے گھر خانہ کعبہ میں ہوئی ہے اور ان کی شہادت بھی اللہ کے گھر مسجد کوفہ میں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس ہستی کی پوری زندگی امت مسلمہ کے لئے قیامت تک رہنمائی اور رہبری کا فریضہ انجام دیتی رہے گی ۔