احترام رمضان قانون کی خلاف ورزی، عدالت نے ملٹی پلیکس سینما کو نوٹس جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 جون 2016 13:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جون 2016ء): احترام رمضان قانون کی خلاف ورزی پر عدالت نے ملٹی پلیکس سینما کو نوٹس جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نوٹس رمضان میں روزے کے دوران فلموں کی نمائش کرنے پر جاری کیا گیا۔ ایک شہری کی جانب سے رمضان المبارک میں روزے کے دوران فلموں کی نمائش سے احترام رمضان آرڈیننس 1981 کی خلاف ورزی پر پٹیشن دائر کرنے کے بعد سول جج میاں اظہر ندیم نے اسلام آباد کے معروف شاپنگ مال سینٹارس کے ملٹی پلیکس سینما، وزارت برائے ثقافت سیکرٹریٹ اور تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کو نوٹس جاری کیا۔

(جاری ہے)

پٹیشن فائر کرنے والے شہری سید بلال احمد نے بتایا کہ وہ 20 جون کو مال میں موجود تھے جب انہیں معلوم ہوا کہ سینما میں بھارتی فلموں کی نمائش کی جا رہی ہے۔ سید بلال کا کہنا ہے کہ انہوں نے سینما کی انتظامیہ سے فلم کی نمائش بند کرنے کی درخواست کی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ سید بلال کا کہنا تھا کہ میں وزارت ثقادفت سیکرٹریٹ کے پاس بھی گیا جہاں میں نے ان سے مذکورہ سینما کو افطار سے قبل بند رکھنے کی درخواست کی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت کو 30 جون تک ملتوی کر دیا ہے۔