اویس شاہ لاپتا کیس میں اہم پیشرفت ‘مغوی کا فون 72 گھنٹے بعد آن ہوا ‘ لوکیشن خیبر ایجنسی ظاہر ہوئی

مغوی کا فون آن کرنا تفتیشی اداروں کو گمراہ کرنے کی سازش بھی ہوسکتی ہے ‘ تفتیشی حکام

منگل 28 جون 2016 13:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے مغوی صاحبزادے اویس شاہ کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں مغوی کا فون 72 گھنٹوں بعد آن ہوا جسے سیکیورٹی اداروں نے ٹریس کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے اویس شاہ کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ذرائع کے مطابق اویس شاہ کا فون اغوا ہونے کے بعد 72 گھنٹے بعد آن ہوا جسے سیکیورٹی اداروں نے ٹریس کیا تو فون کی لوکیشن خیبرایجنسی ظاہر ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مغوی اویس شاہ کا فون صرف 6 منٹ تک آن رہا جس کے بعد اسے دوبارہ بند کردیا گیا ‘ فون خیبرایجنسی کے علاقے میں آن ہوا تفتیشی حکام کے مطابق مغوی کا فون آن کرنا تفتیشی اداروں کو گمراہ کرنے کی سازش بھی ہوسکتی ہے تاہم اس حوالے سے مزید معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اویس شاہ کو 20 جون کی دوپہر کراچی کے علاقے کلفٹن میں شاپنگ مال کے باہر سے اغوا کیا گیا جس میں 4 مسلح افراد نے اویس شاہ کو اسلحہ کے زورپر یرغمال بنایا اور گاڑی میں ساتھ لے گئے ‘ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی پر سبز رنگ کی نمبر پلیٹ لگی تھی۔

وزیراعظم نے اویس شاہ کے اغوا کا نوٹس لیا ہے جب کہ اس حوالے سے چیف جسٹس پاکستان نے بھی سندھ حکومت کو مغوی کی جلد بازیابی کے لیے اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔