مہمند ایجنسی ‘لیٹکل انتظامیہ نے اجتماعی ذمہ داریاں اور شدت پسندوں کی نشاندہی نہ کرنے پر دو قبیلوں کی تمام مراعات بند کر دیں

منگل 28 جون 2016 13:13

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء)قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں پولیٹکل انتظامیہ نے اجتماعی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے اور شدت پسندوں کی نشاندہی نہ کرنے پر دو قبیلوں کی تمام مراعات بند کر دی ہیں۔حکام کے مطابق تحصیل یکہ غنڈ میں قاسم خیل قبیلے کے دو اقوام کڈو کور اور بھائی کور قبائل کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے پر پابندی عائد کردی ہے ‘ فصلوں کی کاشت اور کٹائی پر بھی پابندی کا فیصلہ کیاگیا یہ فیصلہ تحصیل یکہ غنڈ میں پولیٹکل انتظامیہ اور قاسم خیل قبیلے کے درمیان ہونے والے ایک جرگہ میں ہوا جس میں اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ نوید اکبر سمیت دیگر عہدیداروں اور قاسم خیل قبلیے کے مشران نے شرکت کی۔

اس حوالے سے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ نوید اکبر نے بتایا کہ علاقے میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے ذمہ داری ان لوگوں کی بنتی ہے کہ وہ شدت پسند اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں ‘ قاسم خیل قبیلے نے ایف سی آر قانون کے تحت اپنی اجتماعی ذمہ داریاں پوری نہیں کی ہیں اور تین ہفتے قبل دو سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث مجرمان کی نہ تو نشاندہی کی اور نہ ہی انھیں انتظامیہ کے حوالے کیا اس وجہ سے ان پر یہ پابندیاں عائد کی گئیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث مجرمان کو انتظامیہ کے حوالے کیاجائے تو یہ پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔