الیکشن کمیشن یکم اگست سے 15 اگست تک انتخابی فہرستوں پر سالانہ نظرثانی کرے گا

نئے شناختی کارڈ کے حامل افراد کی گھر گھر جا کر تصدیق کی جائے گی

منگل 28 جون 2016 13:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) الیکشن کمیشن یکم اگست سے 15 اگست تک انتخابی فہرستوں پر سالانہ نظرثانی کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق نئے شناختی کارڈ کے حامل افراد کی گھر گھر جا کر تصدیق کی جائے گی۔ مہم کے دوران رائے دہندگان کا اپنے انتخابی علاقے کی فہرست میں ووٹر کی حیثیت سے اندراج کیا جائے گا۔

اس دوران الیکشن کمیشن کا مقرر کردہ تصدیقی عملہ لوگوں کے گھروں پر آ کر ووٹ کی تصدیق کریگا توقع ہے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے نتیجے میں رائے دہندگان کی تعداد 93 ملین سے بڑھ کر 97-98 ملین تک ہو جائے گی۔ مہم کے دوران انتقال کرنے اور نا اہل ہونے والے لوگوں کے نام انتخابی فہرستوں سے نکال دیئے جائیں گے جبکہ 21 اگست سے 21 روز کیلئے نئی فہرستوں کو آویزاں کیا جائے گا، یہ فہرستیں متعلقہ ڈسپلے سنٹرز، ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر، رجسٹریشن آفیسرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران کے دفاتر میں عوام کی سہولت کیلئے آویزاں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے عوام اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر اپنے موبائل فون کے ذریعے 8300 پر بھیج کر اپنے ووٹ کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کیلئے تمام متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنرز، ریجنل الیکشن کمشنرز، ضلعی الیکشن کمشنرز، نادرا اور دیگر متعلقہ لوگوں کو فوری طور پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ اس پوری مہم کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر 7 دسمبر 2016ء کو نیشنل ووٹرز ڈے منایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :