پیپلز پارٹی تحریک انصاف کیساتھ مل کر حکومت کے خلاف احتجاج اور دھرنے کی تیاری کر رہی ہے ‘عبد القادربلوچ

منگل 28 جون 2016 13:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف احتجاج اور دھرنے کی تیاری کر رہی ہے ‘ پاناما پیپرز پر اپوزیشن بلاوجہ شور شرابہ کر رہی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں کہیں بھی موجود نہیں۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک میں سیاست کر رہے ہیں اور عوام نے ہمیشہ ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ تیسری بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف احتجاج اور دھرنے کی تیاری کر رہی ہے حالانکہ یہ دونوں جماعتیں ماضی میں ایک دوسرے کو گالیاں دیتے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز پر اپوزیشن بلاوجہ شور شرابہ کر رہی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں کہیں بھی موجود نہیں تاہم پھر بھی انہوں نے خود کو اور اپنے خاندان کو تحقیقات کیلئے پیش کر دیا ہے۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ ہم جامع اور بلا امتیاز احتساب کے حق میں ہیں اس لئے پاناما پیپرز میں نام آنے والے تمام لوگوں کا شفاف اور جامع احتساب ہونا چاہیے۔