حکومت نے ملک سے دہشتگردی وانتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جو لائق تحسین ہیں ‘خرم دستگیر خان

منگل 28 جون 2016 13:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک سے دہشت گردی وانتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جو لائق تحسین ہیں ‘ دہشت گردی انتہا پسندی کے خلاف ملک کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی قوال امجد علی صابری کے قتل پر گہرے دکھ اور بیرسٹر اویش شاہ کے اغواء پر تشویش کا اظہار کیا وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی ہمارے ملک کا معاشی مرکز ہے، کراچی کے امن کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے یہاں آپریشن شروع کیا گیا جس کی کسی بھی جماعت نے مخالفت نہیں کی۔

کراچی میں جاری آپریشن کا ہی نتیجہ ہے کہ آج یہاں امن وامان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور سٹریٹ کرائم میں بھی واضح کمی آئی ہے جسکی وجہ سے یہاں کے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نہ صرف کراچی بلکہ فاٹا سمیت ملک بھر کے امن وامان کے لئے کوشاں ہے۔ خرم دستگیر خان نے کہاکہ جرم کرنے والوں کا کوئی مذہب بھی نہیں ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکسان کی خوشحالی کی نوید ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے اور یہ جلد مکمل ہوگا۔ موجودہ حکومت ملکی معاشی استحکام سمیت ملک سے اندھیروں کے خاتمے کیلئے مخلص اور سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :