محمد عامرٹیسٹ میں واپسی کیلئے ذہنی طورپر تیار ہیں ‘ دباوٴ کو سنبھال لیں گے ‘ انتخاب عالم

منگل 28 جون 2016 12:18

ہمپشائر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے کہا ہے کہ فاسٹ باوٴلر محمد عامرٹیسٹ میں واپسی کے لیے ذہنی طورپر تیار ہیں اور وہ دباوٴ کو سنبھال لیں گے ‘پریکٹس کے دور ان کوئی انجری اور پریشانی کا سامنا نہیں کر نا پڑا ‘ کیمپ کے نتائج سے مطمئن ہیں ۔ ایک انٹرویو میں انٹرویو میں انتخاب عالم نے کہاکہ ہمپشائر پہنچنے کے بعد ہماری تیاریاں بہترین چل رہی ہیں ‘ ہم نے تین روزہ میچ کھیلا تاہم اس کا ایک دن بارش کی نذر ہوگیا تاہم لڑکے جم میں کام میں مصروف رہے۔

انہوں نے کہاکہ ان تیاریوں کے دوران کسی قسم کی کوئی انجری اور پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا اس لیے ہم اس کیمپ کے نتائج سے مطمئن ہیں۔محمد عامر کی کرکٹ پر پابندی کے بعد ٹیسٹ میں واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ محمد عامر لارڈز ٹیسٹ میں واپسی کیلئے تیار ہیں ‘ ہم سب اس کی واپسی کے حوالے سے اردگرد کے حالات سے واقف ہیں۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے منیجر نے کہاکہ عامر ذہنی طورپر اس دورے کیلئے تیار تھے اور وہ اس سے اچھی طرح نمٹیں گے کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد یہ ان کا پہلا بیرونی ملک کا دورہ نہیں اور وہ انگلینڈ بھی آچکے ہیں۔مصباح الحق کی قیادت میں 6 سال بعد دورہ کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے انتخاب عالم نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں ہماری باوٴلنگ گزشتہ دورے کی ٹیم سے کم تجربہ کار ہے تاہم میں ان کی صلاحیتوں سے خبردار کروں گا کیونکہ وہ تمام اس وقت بہترین باوٴلنگ کررہے ہیں اور جسمانی طورپر فٹ ہیں اور انگلینڈ کے بلے بازوں کو مشکل امتحان سے دوچار کریں گے۔