پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتما م جمعۃ الوداع ملک بھر میں ’’یوم تحفظ ارض حرمین الشریفین والاقصیٰ‘‘ کے طور پر منایا جائے گا

ملک بھر میں وفاق المساجد پاکستان کے تحت عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں اور ارض حرمین الشریفین کے دفاع اور سلامتی اور الاقصیٰ کی آزادی کیلئے قراردادیں منظور کی جائیں گی اور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا

پیر 27 جون 2016 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء ) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتما م جمعۃ الوداع یکم جولائی کو ملک بھر میں ’’یوم تحفظ ارض حرمین الشریفین والاقصیٰ‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ملک بھر میں وفاق المساجد پاکستان کے تحت عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں اور ارض حرمین الشریفین کے دفاع اور سلامتی اور الاقصیٰ کی آزادی کیلئے قراردادیں منظور کی جائیں گی اور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گاجبکہ سترسے زائد مقامات پر کانفرنسوں ، ریلیوں اور سمینارز کا انعقادکیا جائے گا۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا اسد اﷲ فاروق،مولانا ایوب صفدر،حافظ محمد امجد نے جامع مسجد دار العلوم حنفیہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کے مختلف ممالک کیخلاف مسلسل سازشوں کا آغاز ہوچکا ہے اور داعش جیسے فتنوں کو کھڑا کرکے مسلم ممالک کے اندر خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ان حالات میں پاکستان علماء کونسل نے انتہاپسندی ، دہشتگردی ،فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف اور ملت اسلامیہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ’’ یوم تحفظ ارض حرمین الشریفین والاقصیٰ ‘‘ منانے کا فیصلہ کیا جس سے ملت اسلامیہ کی وحدت کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے ملک بھر کے علماء ، خطباء،آئمہ سے اپیل کی کہ وہ جمعۃ المبارک کو یوم تحفظ ارض حرمین الشریفین والاقصیٰ مناکر مسلمانوں کے مقدسات کے دشمنوں کو واضح پیغام دیں کہ اب مزیدعالم اسلام کسی ملک کو شام اور عراق نہیں بننے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ارض حرمین الشریفین اور الاقصیٰ سے مسلمانوں کے تمام طبقات محبت رکھتے ہیں اور حرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور الاقصیٰ کی آزادی کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ،سعودی عرب اور ترکی دہشتگرد تنظیموں اور اسلام دشمن قوتوں کے نشانہ پر ہیں ۔پاکستان کے پڑوسی اسلامی ممالک کی سرزمین کو ہندوستانی’’ را‘‘ پاکستان میں دہشتگردی اور بدامنی پھیلانے کیلئے استعمال کررہی ہے۔

پاکستان کو اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسی کو ازسر نو مرتب کرنا چاہئے اور افغان مہاجرین کے معاملے پر واضح مؤقف اپنانا چاہئے۔پاکستان نے گزشتہ پینتیس سالوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے اب افغان مہاجرین کو واپس افغانستان روانہ کرنا چاہئے اور اس پر فوری طور پر افغان حکومت سے بات چیت کرکے معاملات کو حل کرنا چاہئے۔ پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے امجد صابری کے قتل کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری کے قتل اور چیف جسٹس کے بیٹے کے اغواء سے کراچی میں امن کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو دھچکا لگا ہے ۔

امجد صابری کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جانا چاہئے اور کراچی سمیت پورے ملک کے اندر امن و امان کے قیام کیلئے بہتر کوششیں ہونی چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ماہ اگست کو ’’استحکام پاکستان ‘‘ کے طور پر منائے گی اور ملک بھر کے مدارس ،مساجد میں استحکام پاکستان کے عنوان سے کانفرنسیں اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :