Live Updates

رمضان المبارک جہاد کا مہینہ ہے، خالد صدیقی

پیر 27 جون 2016 22:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک جہاد کا مہینہ ہے اور اسی مہینے میں مسلمانوں میں عظم فتوحات حاصل کی ہیں ۔ آج بھی مسلمان جہاد کو فریضہ کو ترک کرنے کے سبب دنیا بھر میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے ۔

اگر آج بھی مسلمان جہاد کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیں تو دنیا ان کے پیروں تلے ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی ملک کی سالمیت اورعوام کی فلاح ونجات ہے‘باطل قوتیں اسلام سے خوفزدہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت سیکٹر 5J میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا تیسرا اور آخری عشرہ لیلۃ القدر کا ہے جس میں اﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید نازل کیا یہ رات ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے۔

لیلتہ القدرآخری عشرے کی طاق راتوں میں ہے رسولؐ نے فرمایا جب لیلتہ القدر ہوتی ہے توجبریل ؑ ملائکہ کے ایک جھرمٹ میں اترتے ہیں اور ہر اس بندے کے کیے دعا کرتے ہیں جو اس وقت جاگ رہا ہوتا ہو اور عبادت میں مشغول ہو۔لیلتہ القدر وہ رات ہے جو رب تعالیٰ نے خصوصامسلمانوں کو عنایت فرمائی ہے۔یہ وہ رات ہے کہ جس میں کچھ لوگوں کے سوا اﷲ تعالیٰ تمام لوگوں کی مغفرت کا فیصلہ فرمادیتے ہیں۔

علاوہ ازیں سیکٹر5M نارتھ کراچی میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مولانا ثنا اﷲ نے کہا کہ رمضان کے دو عشرے گزرچکے ہیں اور آخری عشرہ باقی ہے۔اس عشرے میں ہمیں رمضان کی برکات کو زیادہ سے زیادہ سمیٹنا چاہیے۔اس دن جنگ بدر حق وباطل کے درمیان معرکہ کا اسلامی تاریخ کا اہم ترین واقعہ ہے جس میں چند مٹھی بھر مسلمانوں نے وقت کی باطل قوتوں کو شکست فاش دیکر اسلام کی عظمت کو دوام بخشا،اور ثابت کردیا کہ باطل اسلام دشمن قوتوں کیخلاف جدوجہد کیلئے وسائل اور افرادی قوت کے بجائے ایمانی قوت لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 27ویں رمضان کو قائم ہوا یہ اﷲ تعالیٰ کا انعام ہے اﷲ تعالیٰ نے قرآن وسنت کے ذریعے ہی دین ودنیا کی رہنمائی کی ہے اس کی پیروری میں ہماری نجات ہے۔جو قوتیں پاکستان کے خلاف سرگرم عمل ہیں وہ اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گی اور پاکستان قائم ودائم رہے گا۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :