تعلیمی بجٹ اورنج لائن منصوبے پر خرچ کرنا تعلیم دشمنی ہے‘بشارت جسپال

اورنج لائن کا بجٹ 96 فی صد اور تعلیم کا ترقیاتی بجٹ صرف 42فی صد استعمال ہوا پنجاب کے موجودہ حکمران لوڈ شیڈنگ ،غربت اور جہالت کے اندھیرے عام کر رہے ہیں‘عوامی تحریک

پیر 27 جون 2016 22:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہاہے کہ تعلیمی بجٹ اورنج لائن منصوبے پر خرچ کرنا تعلیم دشمنی ہے،پنجاب کے موجودہ حکمران لوڈ شیڈنگ ،غربت اور جہالت کے اندھیرے عام کر رہے ہیں ،جس ملک میں بسوں ،سڑکوں اور پلوں پر ترقیاتی بجٹ کے استعمال ہونے کی شرح 96فی صد سے زائد ہو اور تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 42فی صد استعمال ہو اس ملک میں ترقی اور خوشحالی کا خواب دیکھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔

وہ گزشتہ روز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔بشارت جسپال نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب قوم کو بتائیں کہ تعلیم کی بجائے بسیں ان کی پہلی ترجیح کیوں ہیں کیا اورنج لائن اور میٹرو منصوبوں سے مزدور کے بچے کو تعلیم ملے گی اور اس کی آئندہ نسل خوشحال ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

بشارت جسپال نے کہاکہ سڑکوں اور پلوں سے نہیں ، تعلیم اور اصولوں سے معاشرے ترقی کرتے ہیں،تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے دہشتگردی،جہالت کے اندھیروں کو دور کیا جا سکتا ہے مگر کمیشن اور کک بیکس کے چکروں میں آئندہ نسلوں کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے ،انہوں نے کہاکہ تعلیم مستقبل کے معماروں کا بنیادی حق ہے انہیں تعلیم سے دور کر کے دہشتگردوں میں اضافہ تو ہو سکتا ہے مگر پڑھے لکھے شہری پیدا نہیں کئے جا سکتے ۔

متعلقہ عنوان :