گورنر ہاؤس لاہور میں پاک فوج کے جوان محمد عامر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے مرحوم کو سلامی پیش کی

پیر 27 جون 2016 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء) گورنر ہاؤس لاہور میں سرکاری ملازم محمد اکرم کے صاحبزادے محمد عامر (سپاہی) جو کہ سوات آپریشن ایریا میں دوران ڈیوٹی خدمات سرانجام دیتے ہوئے برین ہیمبریج کی وجہ سے انتقال کر گئے ان کی نماز جنازہ پیرکو گورنر ہاؤس لاہور میں ادا کی گئی۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے مرحوم کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے خصوصی دُعا بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، گورنر پنجاب کے ملٹری سیکرٹری کرنل عاشر، اے ڈی سی میجر ناصر خاں گلزئی ، مرحوم کی یونٹ کے انچارج میجر ہمایوں اور یونٹ کے تمام فوجی جوانوں کے علاوہ مرحوم کے لواحقین کے ساتھ ساتھ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر مرحوم کی یونٹ کے انچارج میجر ہمایوں نے کہا کہ محمد عامر (مرحوم) ایک بہادر سپاہی تھے اور وطن سے محبت ان کے خون میں شامل تھی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دُعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

متعلقہ عنوان :