میاں نوازشریف قوم کی امیدوں کی آخری کرن ہیں،چودھری رفعت ایڈووکیٹ

پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا ملک کی ترقی کیلئے عملی کام اور عوامی سہولیات فراہم کرنا ہے،ڈپٹی میئر اسلام آباد

پیر 27 جون 2016 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آبادکے رہنما و ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا گٹھ جوڑ گذشتہ تین سال کے دوران حاصل کی گئی اقتصادی کامیابیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، جب بھی پاکستان کو اسکی اقتصادی کامیابیوں کے حوالے سے اچھی خبر ملتی ہے تو کچھ عناصر منتخب حکومت کے خلاف سازش شروع کردیتے ہیں اور دھرنوں کی باتیں ہونے لگتی ہیں،ایسے عناصر حکومت کی اقتصادی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں اور اپنی سیاست بچانے کیلئے ملکی مفادات کے خلاف کام شروع کردیتے ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کاساتھ دینا چاہیے ۔

اپنے بیان میں چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف اس وقت پوری قوم کی امیدوں کی آخری کرن ہیں اور اُن کی قیادت میں ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ،پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پوری ایمانداری سے ملک و قوم کی خدمت کررہی ہے ،حکومتی انقلابی اقدامات کے راستے میں روڑے اٹکانے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا اپنا مشن بنا رکھا ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا ملک کی ترقی کیلئے عملی کام اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے جبکہ اپوزیشن نے بلاجواز تنقید اور ترقی کے راستے میں روڑے اٹکانا روش اپنا یاہے۔ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت بجلی کے بحران ،بیروزگاری اور معاشی بحران سے ملک کو نکالنے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کا رلا رہی ہے ، بلاامتیازخدمت کی بدولت پاکستان کی عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اور آئندہ بھی بہتری و معاشی استحکام کی پالیسیوں ،فلاح و بہبود او رعوام کی بلاامتیاز خدمت کی بدولت پورے ملک میں برسراقتدار آئینگے۔