وزیراعظم نواز شریف کا 15 ہزار ٹن چاول کیوبا بھیجنے کا اعلان

مقصد باہمی تجارت کو فروغ دینا اور لاطینی امریکہ کیلئے تجارتی گیٹ وے حاصل کرنا ہے ٗ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری

پیر 27 جون 2016 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے 15 ہزار ٹن چاول کیوبا بھیجنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد باہمی تجارت کو فروغ دینا اور لاطینی امریکہ کیلئے تجارتی گیٹ وے حاصل کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں کیا ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس سینیٹر نزہت صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں مختلف ممالک سے سفارتی و تجارتی روابط پر سیکرٹری خارجہ اور دیگر حکام نے بریفنگ دی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ کیوبا کے ساتھ تجارت نہیں ہے ، کیوبا نے ایک ہزارڈاکٹرز کی سکالرشپ دی تھی جن میں سے 900 سے زائد ڈاکٹر زکورس مکمل کر کے آگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کیوبا کی طرف سے سکالر شپ دینے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے 15 ہزار ٹن چاول کیوبا بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے بتایا کہ لاطینی امریکہ کے ممالک سے 16 معاہدے چل رہے ہیں ٗ لاطینی امریکہ کے ممالک سے مزید تعلقات مضبوط کرنا ہوں گے۔

کیوبا سے اچھے تعلقات اور تجارت ضروری ہے اور اگر کیوبا سے تجارت شروع ہوئی تو یہ لاطینی امریکہ کیلئے گیٹ وے ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان اور کیوبا کے 60 سالہ سفارتی تعلقات ، 2005 کے زلزلے میں کیوبا کی طرف سے پاکستان کی امداد اور ایم بی بی ایس کی سکالر شپس کے عوض 15 ہزار ٹن چاول بھجوانے کا اعلان کیا تھا جن کا مقصد کیوبا سے تجارتی و سفارتی تعلقات مضبوط کرنا ہے۔