پنجاب حکومت صحت اور تعلیم پر توجہ دینے کی بجائے سڑکوں اور پلوں پر قوم کا قیمتی سرمایہ ضائع کر رہی ہے ،میاں محمد ایوب

پیر 27 جون 2016 20:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق مشیر وزیراعظم میاں محمد ایوب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحت اور تعلیم پر توجہ دینے کی بجائے سڑکوں اور پلوں پر قوم کا قیمتی سرمایہ ضائع کر رہی ہے پنجاب میں تعلیم اور صحت کی بگڑتی ہوئی صورت حال نے ہر فرد کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے دوسری طرف مسلم لیگ ن کی حکومت کی انتقامی کاروائیاں، کسان دشمن پالیسیاں اور ثقافت دشمن روش بھی اپنے عروج پر ہے پنجاب میں زراعت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے ہسپتالوں میں دور دراز سے آئے ہوئے لوگ فرشوں پر سو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں صحت اور تعلیم دور دور تک نظر نہیں آ رہی تمام وسائل میٹرو اور اورنج ٹرین منصوبوں پر لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے مسائل جوں کے توں ہیں حکومت صرف دعوؤں اور نعروں پر انحصار کر رہی ہے پنجاب کے ہسپتالوں میں کہیں ڈاکٹر نہیں، کہیں دوائی نہیں، کہیں ٹیسٹ نہیں ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں بھی پیسے دینے پڑتے ہیں، حکمرانوں کی جانب سے صحت کے شعبے کو اولین ترجیح دینے کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں کئی برسوں قبل شروع ہونے والے منصوبے تاحال پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکے۔

متعلقہ عنوان :