موثر انصاف کی فراہمی صرف اسلامی نظام انصاف سے ہی ممکن ہے، اسلامی اصولوں اور قرآن کریم کے بتائے ہوئے راستوں کے بغیر حقیقی انصاف ناممکن ہے، معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل کا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد سے خطاب

پیر 27 جون 2016 20:01

اسلام آباد ۔ 27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون ۔2016ء) معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے وکلاء برادری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے فرائض اسلامی اصولوں کے مطابق سرانجام دیں ،موثر انصاف کی فراہمی صرف اسلامی نظام انصاف سے ہی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وکلاء اور ڈسٹرکٹ سیشن ججز سمیت دیگر ججز نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ بطور مسلمان قیامت کے دن ہم خدا کے سامنے جواب دہ ہوں گے، اس روز ہمارے تمام کاموں کا اصلی اور حقیقی احتساب ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ دنیاوی زندگی عارضی ہے، ہمیں نہ ختم ہونے والی زندگی کیلئے بھی کچھ محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی اصولوں اور قرآن کریم کے بتائے ہوئے راستوں کے بغیر حقیقی انصاف ناممکن ہے۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہمیں بلاوجہ پیسوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے قیامت کے روز ہونے والے حساب کی تیاری کرنی چاہیئے ۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد طیب ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر وکلاء سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :