شاباش۔۔۔۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ

وزیراعلیٰ کا ڈاکٹر شہناز نسیم کے لئے 50ہزار روپے انعام اورتعریفی سند کا اعلان ایم ایس نے ختم ادویات کا فوری آڈر دیاجبکہ ڈی سی او اور ای ڈی او کوئی فیصلہ نہیں کرسکے ‘شہبازشریف

پیر 27 جون 2016 19:39

شاباش۔۔۔۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہسپتال میں ختم ہونے والی ضروری ادویات کابغیر کسی تاخیر کے بروقت آڈر دینے پر ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر شہناز نسیم کی کارکردگی کو سراہااور ان کے لئے 50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر شہناز نسیم کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اورکارکردگی پر شاباش دی اوران کے لئے تعریفی سٹر ٹیفکیٹ بھی دینے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ڈاکٹر شہناز نسیم نے جس ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا و ہ قابل ستائش ہے اور میں انہیں شاباش دیتا ہوں ،دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ڈاکٹر شہناز نسیم نے پیشہ وارانہ انداز میں فرائض سرانجام دیئے اورختم ہونے والی ادویات کا فوری آڈر دیاجبکہ ڈی سی او اور ای ڈی او اس ضمن میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو کام کرے گا وہی عہدے پر رہے گا اور کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ۔ایم ایس ڈاکٹر شہناز نسیم نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانب سے دی جانے والی انعام کی رقم بھی ہسپتال میں طبی سہولتوں کی بہتری کیلئے خرچ کروں گی۔

متعلقہ عنوان :