کراچی کوخاک وخون میں جلتے اور تڑپتے ہوئے 30سال ہوچکے ہیں ،نند کمار

فوج ،پولیس ،علمائے کرام ،سیاستدان ،فنکار ،سماجی کارکن اور صحافیوں سمیت عام شہری بھی دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہے،امجد صابری کے اہلخانہ سے تعزیت کے موقع پر گفتگو

پیر 27 جون 2016 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماؤں کے رہنماؤں نے کہاہے کہ کراچی کوخاک وخون میں جلتے اور تڑپتے ہوئے 30سال ہوچکے ہیں اوراب تک فوج ،پولیس ،علمائے کرام ،سیاستدان ،فنکار ،سماجی کارکن اور صحافیوں سمیت عام شہری بھی دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہے آئے روز اغوا اور قتل کی سرعام وارداتیں ہورہی ہیں امجد صابری کے قتل سے ایک دن قبل ہائیکورٹ سندھ کے چیف جسٹس کے بیٹے کو اغوا کرلیا گیا اور اگلے ہی دن ایک صوفی قوال کو سرے عام گولیاں ماردی گئیں۔

فنکشنل لیک کے پارلیمانی لیڈر نندکمار نے شہریار مہر دیگر رہنماوں کے ہمراہ لیاقت آباد میں واقع معروف قوال امجد صابری کی رہائش گاہ پہنچے۔ انہوں نے امجد صابری کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور امجد صابری کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

نند کمار نے پیر صاحب پگارا کی جانب سے بھی امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نند کمار نے کہاکہ امجد صابری خیرو برکت ، محبت اور پیار کی آواز تھے۔

انہوں نے اپنی آواز کے ذریعہ دنیا میں امن کا پیغام عام کیا۔ امجد صابری کے اہل خانہ صدیوں سے فن قوالی کے ذریعہ دنیا بھر میں امن و محبت کے پیغام کو عام کر رہے ہیں۔ امجد صابری پر حملے کا مقصد کراچی میں بدامنی پھیلانا ہے قوم امجد صابری کے مشن کو جاری رکھے گی اور امجد صابری کی امن کی شمع کو ہمیشہ منور رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے اور امجد صابری کے قتل میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :