Live Updates

عید کے بعد تحریک انصاف سڑکوں پر نکلے گی تو حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا مشکل ہو جائیگا‘ اعجاز احمد چوہدری

کراچی میں خون اور آگ کا کھیل جاری ہے ،عوام کو چن چن کے مارا جا رہا ہے، حکمران بری طرح ناکام ہو چکے ‘ رہنما پی ٹی آئی

پیر 27 جون 2016 18:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک پنجاب کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ حکمران جماعت (ن)لیگ عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، بحران اور ناکام لیگ نے ملک و قوم کوبحرانوں میں دھکیلنے کے سوا کچھ نہیں کیا،پوری (ن) لیگ کے لئے عمران خان ہی اکیلے کافی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس شریف خاندان کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے۔

نوازشریف کو لوٹ مار کا قوم کو حساب دینا ہوگا۔ عید کے بعد تحریک انصاف سڑکوں پر نکلے گی تو حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا مشکل ہو جائیگا۔ کراچی میں خون اور آگ کا کھیل جاری ہے اور عوام کو چن چن کے مارا جا رہا ہے۔ ملک کے نام نہاد وزیراعظم کا لندن میں مہنگے ترین مال میں شاپنگ کر نا ان کے شرم کا مقام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو غریب عوام کا کوئی احساس نہیں۔

شہباز شریف بڑھکے مارنے کی بجائے صوبے کی عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے۔پنجاب کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنی مرضی کا لیکشن اکمیشن لانا چاہتی ہے تاکہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی کر سکے لیکن وہ اس میں ہر گز کامیاب نہیں ہوگی۔ لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی نے حکمرانوں کی نام نہاد گڈ گورنس کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ نواز شریف احتساب سے اتنے خوفزدہ ہو چکے ہیں کہ ملک واپس آنے سے ڈر رہے ہیں اور جس دن سے ملک میں صاف و شفاف احتساب ہوا تو نواز شریف کا ٹھکانہ جیل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پانامہ لیکس کے معاملے کو کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پانامہ لیکس نے شریف خاندان کو پوری دنیا میں بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے۔ کارکنان عمران خان کی کال کے منتظر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں چھپنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ کرپشن اور احتساب کی جب بھی ملک میں بات ہوتی ہے تو حکمرانوں کی جمہوریت کو خطرہ درپیش ہونے لگتا ہے۔حکمران اپنا بوریا بستر گول کر لیں کیونکہ ان کے اقتدار کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے۔

Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات