رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی معاشرے کے مختلف طبقات کی عیدی اکٹھی کرنے کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہو گئیں

دکاندار،بھکاری اور پولیس سب سے آگے

پیر 27 جون 2016 14:28

اسلام آباد ۔ 27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون۔2016ء) رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی معاشرے کے مختلف طبقات کی عیدی اکٹھی کرنے کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں قدرے کمی آئی تھی لیکن رمضان المبارک کا تیسرا اور آخری عشرہ شروع ہوتے ہی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر ہوش ربا اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔

بڑے بڑے آڑھتیوں نے پھلوں اور اشیائے خوردونوش کی سپلائی اس وجہ سے کم کر دی ہے تاکہ عید کے موقع پر وہ زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی کی گلیوں اور بازاروں میں بھکاریوں اور معاشرے کے غریب اور نادار افراد کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کی مناسبت سے زکواة کے حصول کے لئے ان کی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔

سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر کے اکثر شہروں اور قصبوں سے یہ اطلاعات آ رہی ہیں کہ پولیس ناکوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور عوام الناس کو حیلوں بہانوں سے تنگ کر کے ان سے رقوم بٹورنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں نے ذمہ دار حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عید کے موقع پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے اور پولیس ناکوں پر شہریوں کو غیر ضروری طور پر تنگ کرنے کی صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :