احتساب عدالت نے ناجائز اثاثے اور انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر شفقت چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزکی توسیع کر دی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 27 جون 2016 12:01

احتساب عدالت نے ناجائز اثاثے اور انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27جون۔2016ء) احتساب عدالت نے ناجائز اثاثے اور انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر شفقت چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزکی توسیع کر دی۔ نیب کو مقدمے کی پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کیلئے 11 جولائی تک مہلت دے دی گئی۔ ملزم شفقت چیمہ کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

وکلاء نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست پر دلائل دینا تھے تاہم نیب کی جانب سے مقدمے کی پیشرفت رپورٹ جمع نہ کرائی جا سکی۔ نیب حکام نے رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت دینے کی درخواست کی۔ ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ شفقت چیمہ کی اشیاءواپس کی جائیں۔ نیب نے ملزم کا لیپ ٹاپ اور موبائل واپس کرنے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ لیپ ٹاپ اور موبائل کیس کی پراپرٹی ہیں ،ان سے مقدمے کی کارروائی آگے بڑھے گی۔

(جاری ہے)

نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش مکمل کرنے کیلئے مزید ریمانڈ منظور کیا جائے۔ عدالت نے نیب کی استدعا پر ملزم شفقت چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کردی۔ نیب کو تفتیش مکمل کر کے ملزم کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ مقدمے کی مزید کارروائی گیارہ جولائی کو ہوگی۔

متعلقہ عنوان :