مسائل کے حل مذاکرات سے نکلتے ہیں دھرنوں سے نہیں ،کسی کی حکومت گرا کر آج تک کبھی اچھا نتیجہ نہیں نکلا ،امجد صابری کے قتل پر بہت دکھ ہوا ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب

اتوار 26 جون 2016 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26جون۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسائل کے حل مذاکرات سے نکلتے ہیں دھرنوں سے نہیں ،کسی کی حکومت گرا کر آج تک کبھی اچھا نتیجہ نہیں نکلا ،امجد صابری کے قتل پر بہت دکھ ہوا ۔اتوار کو افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والی سیاست نہیں کرنی چاہیے ،شیخ رشید کی پیشنگوئی اب نہیں چلے گی ،شیخ رشید کو چاہیے کہ پیشنگوئی کے لئے طوطا فال رکھ لیں ۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی حکومت گرا کر آج تک کبھی اچھا نتیجہ نہیں نکلا۔ایاز صادق نے کہا کہ امجد صابری کے قتل پر بہت دکھ ہوا ، وہ پاکستان کا عظیم سرمایہ تھے ، ان کا خلا صدیوں تک پر نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کچھ دنوں سے خراب ہوتے جا رہے ہیں،کچھ لوگ دوبارہ کنٹینر کی سیاست کرنا چاہتے ہیں ،تمام مسائل کے نتائج ہمیشہ مذاکرات سے نکلتے ہیں دھرنوں سے نہیں ،تحریک انصاف میں کچھ لوگ مذاکرات کے حامی ہیں ۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دشمنوں کو کھٹکتا ہے ،امریکہ اور بھارت اس منصوبے کی تکمیل نہیں چاہتے اس لئے پاکستان میں حالات کو خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی دوسرے ملک کو پسند نہیں آرہا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے معاملات ٹھیک کرنے کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا،کراچی کے آج اور ماضی کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔