ن لیگ من مرضی کا الیکشن کمیشن بنا کر دھاندلی کی تاریخ دہرانا چاہتی ہے، چودھری پرویزالٰہی

صاف شفاف الیکشن کیلئے ووٹر، میڈیا اور سول سوسائٹی کی رائے کو پیش نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن بنانا ضروری ہے ،تمام جماعتوں کی نمائندگی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل نو کی جائے تاکہ فیورٹ نتائج کیلئے فیورٹ ارکان کا کمیشن نہ بن سکے کستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 26 جون 2016 22:08

لاہور/گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26جون۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ من مرضی کا الیکشن کمیشن بنا کر دھاندلی کی تاریخ دہرانا چاہتی ہے، الیکشن میں دھاندلی کا راستہ روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ووٹرز، میڈیا اور سول سوسائٹی کی رائے کو پیش نظر رکھتے ہوئے غیرجانبدار، ایماندار اور منصف مزاج ارکان کا چناؤ متفقہ طور پر کیا جائے ورنہ ماضی کی طرح الیکشن میں منظم دھاندلی کو روکنا ناممکن ہو گا۔

وہ گجرات میں چودھری اصغر تیل والا کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر بیرسٹر محمد صہیب اصغر، میجر (ر) نسیم اکبر فاروقی، چودھری انعام الحق، سید نسیم حسن شاہ، میاں پرویز پگانوالہ، چودھری نذر نت، چودھری خالد اصغر گھرال، خالد چیمہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کیلئے متفقہ اور صاف شفاف الیکشن کمیشن بنانا ضروری ہے اس کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی بھی تشکیل نو ہونی چاہئے تاکہ اس میں نمائندگی سے محروم پارلیمانی جماعتوں کو بھی نمائندگی مل سکے اور اس عمل میں بلاامتیاز تمام جماعتیں شریک ہوں، اپوزیشن کی مکمل نمائندگی کے بغیر پارلیمانی کمیٹی کی رائے سے بنایا گیا الیکشن کمیشن ماضی کی طرح متنازعہ حیثیت کا ہی حامل رہے گا اور تمام ووٹروں کے اعتماد اور نمائندگی سے محروم ہو گا، ماضی میں حکمران اور بعض دیگر جماعتوں نے ملی بھگت سے اپنے فیورٹ ارکان پر مشتمل الیکشن کمیشن بنا کر فیورٹ انتخابی نتائج حاصل کیے اس بار ایسا نہیں ہونا چاہئے، انتخابی نتائج ہائی جیک کرنے کیلئے فیورٹ الیکشن کمیشن کی تشکیل روکنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام چھوٹی جماعتیں اس معاملہ پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں تاکہ ماضی میں ہر الیکشن پر جس طرح عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا اس روایت کا خاتمہ ہو سکے اور انتخابی نتائج پر کسی کو اعتراض نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے عادی حکمرانوں کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے کسی بھی سیاسی جماعت کی چھاپ کے بغیر ارکان پر مشتمل الیکشن کمیشن کی موجودہ حالات میں جتنی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہیں تھی کیونکہ ملک کے محب وطن عوام کبھی غلط فیصلہ نہیں کرتے لیکن الیکشن میں منظم دھاندلی کے ذریعہ ان کی اکثریتی رائے کو اقلیتی رائے بنا دیا جاتا ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سابق بیورو کریٹس، رگنگ ماسٹر کے تابعدار اور من پسند ارکان پر مشتمل الیکشن کمیشن بنا کر ایک بار پھر دھاندلی زدہ الیکشن کرانے کی منصوبہ بندی زوروں پر ہے جیسا کہ پچھلے انتخابات میں بھی فیورٹ الیکشن کمیشن کے ذریعہ ہر صوبہ میں من پسند نتائج سامنے لائے گئے اور چیف الیکشن کمشنر کو بھی بائی پاس کیا گیا، ہم ایک بار پھر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ صاحب کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ اور پاکستان مسلم لیگ کے نمائندوں کیلئے بھی کمیٹی میں جگہ بنائیں۔