وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا متعلقہ تعلیمی بورڈز میں اول دس پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کیلئے دس لاکھ روپے کا اعلان

اتوار 26 جون 2016 21:50

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا متعلقہ تعلیمی بورڈز میں اول دس پوزیشن حاصل ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26جون۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اپنے متعلقہ تعلیمی بورڈز میں اول دس پوزیشن حاصل کرنے والے سرکاری سکولوں کے ہر ہونہار طالب علم کیلئے دس لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔ یہ انعامی رقم عمومی میرٹ سکالرشپ کے علاوہ ہو گی ۔ واضح رہے کہ ہر سال صوبے کے تمام تعلیمی بورڈ پہلی پچیس پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو دو سال تک 10 ہزار روپے ماہوار وظیفہ دیتے رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کا موجودہ اعلان صرف سرکاری سکولوں کیلئے ہے جہاں اکثر غریب بچے پڑھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے یہ اعلان اتوار کے روز اسلام آباد میں گورنمنٹ ہائی سکول ہری پورکے خصوصی طالب علم فیصل کو ایبٹ آباد بورڈ میں اول آنے پر 5 لاکھ روپے کا چیک حوالہ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیرتعلیم محمد عاطف خان، وزیر صحت شہرام خان ترکئی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے ہونہار خصوصی طالب علم کیلئے لیپ ٹاپ کا بھی اعلان کیا۔ وہ خصوصی طالب علم کے ساتھ کچھ دیر رہے اور اس کی کامیابی کو اسکے عزم اور محنت کا صلہ قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سرکاری سکولوں کی حالت کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے جہاں غریب لوگوں کے بچے پڑھتے ہیں تاکہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ صوبائی وزیر تعلیم کو سکالر شپ اور نقد انعامات جلد ہی ہونہار طلباء کے حوالہ کرنے کیلئے ضروری کاروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :