کے پی حکومت کے ایک مدرسے کو فنڈز دینے پر آصف زرداری کا اظہار تشویش

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 26 جون 2016 19:56

کے پی حکومت کے ایک مدرسے کو فنڈز دینے پر آصف زرداری کا اظہار تشویش

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26جون۔2016ء) سابق صدر آصف علی زرداری کا خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دارالعلوم حقانیہ کو تیس کروڑ کے فنڈز دینے پر اظہار تشویش۔ آصف علی زرداری کہتے ہیں ایسا مدرسہ جو طالبان سے قربت رکھتا ہے اس کو خطیر رقم کی فراہمی تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رقم فراہم کرنا عسکریت پسندی اور طالبان کو جواز فراہم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے پی حکومت کا فیصلہ قوم کی دہشتگردی کے خلاف جنگ کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ یہ مدرسہ نجی جہاد کو فروغ دینے میں مشہور ہے، عسکریت پسند طالبان لیڈر اس مدرسے کے شاگرد رہ چکے ہیں، ایسے مدرسے کو رقم دینا جو اسلام کو جنگجوانہ انداز میں پیش کرتا ہے، تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ کے سربراہ طالبان کے ہمدرد کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں اور وہ طالبان کے غیراعلانیہ ترجمان بھی جانے جاتے ہیں، طالبان کے ہی ایک گروپ نے کراچی میں امجد صابری کے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا جہادی پراجیکٹ کو ایک منصوبے کے تحت دوبارہ ابھارا جا رہا ہے، نیشنل ایکشن پلان کالعدم تنظیموں کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیتا۔

متعلقہ عنوان :