کراچی‘ امجد صابری کی رہائش گاہ 4 روز سے وی وی آئی پی موومنٹ کا مرکز بن گئی ‘دوکانیں اور گلیوں کی سیکیورٹی سخت

اتوار 26 جون 2016 19:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26جون۔2016ء) لیاقت آباد 4 نمبر میں واقع امجد صابری کی رہائش گاہ گذشتہ 4 روز سے وی وی آئی پی موومنٹ کا مرکز بنی ہوئے ہے، ہر گھنٹے بعد کوئی وی آئی پی شخصیت ان کے گھر تعزیت کے لیے آتی ہے اور پولیس سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اطراف کی دکانوں کو بند کر ادیتی ہے، جبکہ اطراف کی گلیوں کو بھی سکیورٹی کے باعث عام افراد کی نقل و حمل کے لیے بند کر دیا جاتا ہے ۔

وی آئی پی سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے علاقہ مکین سخت پریشان ہیں ۔ ان سکیورٹی انتظامات کے سبب نہ صرف چھوٹے دکانداروں کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ عوام کو اپنے روز مرہ کے معمولات میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ اتوار کو بھی امجد صابری کے گھر پر وی آئی پی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ۔

(جاری ہے)

قائم مقام صدر مملکت رضا ربانی کی آمد سے قبل امجد صابری کی رہائش گاہ کے اطراف کی گلیوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے میں سرچنگ کی اور سکیورٹی انتظامات کے سبب اطراف کی دکانوں کو بند کرا دیا گیا ۔ قائم مقام صدر کے علاوہ وفاقی وزراء اور دیگر شخصیات نے بھی امجد صابری کے گھر کا دورہ کیا اور ان اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ امجد صابری ہر دل عزیز شخصیت تھے ۔ حکومتی شخصیات آئیں لیکن وی آئی پی پروٹوکول اپنے ہمراہ نہ لایا جائے، کیونکہ اس سے علاقہ مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

متعلقہ عنوان :