پاناما لیکس :وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ثبوت امدادفراہم کرنے والے ممالک اور عالمی اداروں کو ارسال کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی لندن کے تھانوں میں منی لانڈرنگ کے مقدمات کے لیے درخواستیں جمع کروائے گی‘صدر تحریک انصاف لندن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 26 جون 2016 17:40

پاناما لیکس :وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ثبوت امدادفراہم کرنے والے ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26جون۔2016ء) تحریک انصاف نے پاناما لیکس پر وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ثبوت امدادفراہم کرنے والے ممالک اور عالمی اداروں کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عید الفطرکے بعد برطانیہ میں شریف خاندان کے بارے میں ایک مہم شروع کی جائے گی جس میں برطانوی حکومت‘اراکین پارلیمنٹ‘امداددینے والے اداروں کو کرپشن کے دستاویزی ثبوت فراہم کیئے جائیں گے۔

اس بارے برطانیہ میں لابنگ کی جائے گی۔ لیبر پارٹی فرینڈز آف پاکستان اور کنزرویٹو پارٹی ارکان پارلیمنٹ سے رابطوں کی حکمت عملی سامنے آ گئی ہے۔تحریک انصاف لندن کے صدر بیرسٹر وحید الرحمن میاں کا کہنا ہے کہ عید کے بعد برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ تحریک انصاف کی قیادت ملاقاتیں کرے گی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے کرپشن کے پیسوں سے جائیدادیں خریدنے والوں کے خلاف برطانیہ میں قانون سازی کا مطالبہ کیا جائے گا جبکہ عید کے بعد لندن میں پاناما لیکس پر پولیس کو شکایت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لندن میں مقیم پی ٹی آئی راہنماء پولیس اسٹیشنز میں کرپشن کے پیسے سے خریدی جائیدادوں پر شکایات درج کرائیں گے اور لندن میں پاناما لیکس کے معاملے پر آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق دوسری جانب ایک مہم دنیا بھر کے لیے چلائی جائے گی جس کا مرکزی دفترلندن میں قائم کیا گیا ہے -تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت پر دباﺅ بڑھانے کے لیے وہ ملک کے اندر تحریک چلانے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مختلف ممالک اور اداروں کو شریف خاندان کی کرپشن سے متعلق ثبوت ارسال کریں گے جن میں قرض فراہم کرنے والے عالمی مالیاتی ادارے بھی شامل ہیں-اس کے علاوہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں سے بھی رابط مہم شروع کی جائے گی اور شریف خاندان کے کسی بھی فرد کی بیرون ملک موجودگی کے دوران ان کی اقامت گاہوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیئے جائیں گے-ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک طرف تحریک انصاف عید کے بعد پاکستان میں تحریک شروع کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے تو دوسری جانب عید کے بعد پارک لین لندن میں احتجاج کے لیے لندن شہرکی ضلعی حکومت اور پولیس ڈیپارٹمنٹ سے علامتی دھرنے اور احتجاج کی اجازت کے لیے خط لکھا جائے گا-