کراچی ، امجد صابری قتل کیس میں پہلی پیش رفت

سی ٹی ڈی پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں چھاپہ مار کر مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا

اتوار 26 جون 2016 16:48

کراچی ، امجد صابری قتل کیس میں پہلی پیش رفت

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جون۔2016ء) کراچی میں امجد صابری قتل کیس میں پہلی پیش رفت سامنے آئی ہے، سی ٹی ڈی پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں چھاپہ مار کر مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا گیا اور اسے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ہے۔پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور اسے خفیہ اطلاعات پر سرجانی ٹاؤن سے گرفتار کیا گیاہے، ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واردات سے قبل ملزمان نے کئی روز تک امجد صابری کی ریکی کی ،امجد صابری زیادہ تر اسی راستے کا استعمال کیا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

اس کیس میں اب تک 10 سے زائد عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کر چکے جبکہ یہ جائزہ بھی لیا جارہا ہے کہ واردات کے وقت ملزمان کے ساتھ ان کے اور کتنے ساتھی موجود تھے۔

دوسری جانب ایس ایس پی سنٹرل مقدس حیدر کے مطابق پولیس نے سلیم چندا کو امجد صابری کے گھر سے حفاظتی تحویل میں لیا ہے۔ سلیم چندا کا ابتدائی بیان قلمبند کر لیا گیا ہے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیم چندا نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ پہلے فائر کے بعد ہی افراتفری مچ گئی تھی، امجد صابری پر فائرنگ کے بعد سیٹ کے نیچے چھپ گیا تھا، حملہ آور نے فائرنگ کرتے وقت کوئی بات نہیں کی۔

پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لئے تیار ہوں۔ ورثاء نے پولیس کی تحویل میں موجود سلیم چندا کو بے گناہ قرار دے دیا۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیم چندا کی مدد سے مزید خاکے تیار کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ سلیم چندا سے تحقیقات میں مدد مل سکتی ہے۔ امجد صابری کی اہلیہ کا بیان بھی پولیس جلد ریکارڈ کرے گی۔