حکومت کی ” میں نہ مانوں“ کی رٹ معاملات کے حل میں رکاوٹ ہے ‘ قمر زمان کائرہ

با خبر وفاقی وزراء کو وزیر اعظم کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا ہی علم نہیں ،روزانہ نئی تاریخیں دی جارہی ہیں انٹرویو

اتوار 26 جون 2016 15:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جون ۔2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کی ” میں نہ مانوں“ کی رٹ معاملات کے حل میں رکاوٹ ہے ،پانچ سال کا مینڈیٹ لے کر آنے والے ملک کے معاملات ڈیلی ویجز پر چلا رہے ہیں جسکے انتہائی منفی نتائج سامنے آرہے ہیں ،پیپلز پارٹی کسی بھی معاملے میں سولو فلائٹ نہیں کرے گی بلکہ تمام فیصلے اپوزیشن کی مشاورت سے کئے جائینگے۔

ایک انٹر ویو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کے اپنے وزراء مسائل کو حل کرنے کی بجائے بیگاڑ کا باعث بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹی او آرز کی تشکیل میں حکومت کی میں نہ مانوں کی رٹ آڑے آئی جسکے باعث حالات اس نہج پر پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سسٹم کے خلاف نہیں ہم صرف پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں اوراس سے نظام کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عید الفطر کے بعد کے حوالے سے وسیع مشاورت کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پائیدار پالیسی نہیں دے سکی جسکی وجہ سے ملک کی سمت کا ہی تعین نہیں ہو سکا کہ یہ کس طرف جارہا ہے۔ با خبر وفاقی وزراء کو یہی علم نہیں کہ وزیر اعظم کب وطن واپس آرہے ہیں اور روزانہ نئی تاریخیں دی جارہی ہیں ۔