ایدھی پاکستان کا فخرہیں‘امجد صابری کا قتل قومی سانحہ ہے:رضا ربانی

چیئرمین سینیٹ کی عبدالستار ایدھی صحت یابی کے لیے قوم سے دعا کی اپیل ‘امجد صابری کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 26 جون 2016 14:43

ایدھی پاکستان کا فخرہیں‘امجد صابری کا قتل قومی سانحہ ہے:رضا ربانی

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26جون۔2016ء) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کراچی میں سماجی رہنما مولانا عبدالستار ایدھی کی رہائش گاہ پر انکی عیادت کی جس بعد وہ امجد صابری شہید کے گھر بھی گئے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت فوری طور امجد صابری کے قاتلوں کو کیفرکرادار تک پہنچائیں۔

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے میٹھادر میں مولانا عبدالستار ایدھی سے انکے گھر جاکر ملاقات کی۔ رضا ربانی نے کہا کہ ستار ایدھی پوری دنیا کے لیے مثال ہیں کل ان کا آپریشن ہے انکی صحت یابی کے لیے پوری قوم دعا گو ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ پاکستانی قوم ایدھی پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے عبدالستار ایدھی کو گلدستہ پیش کیا اور عیادت کی۔

(جاری ہے)

عبدالستار ایدھی کا آپریشن ایس آئی یو ٹی میں ہوگا۔

انہیں ڈائیلاسیس کے دوران انفکیشن ہوگیا ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ ایدھی کی مثال ملنا مشکل ہے۔ پاکستانی قوم ایدھی پر فخر کرتی ہے۔ ایدھی کی خدمات اپنی مثال آپ ہیں ۔ سرکاری ہسپتالوں میں ہر قسم کی سہولیات ہیں لیکن نجی ہسپتالوں میں سرکاری ہسپتالوں سے زیادہ سہولیات ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسی بیماری ہو جس کا علاج ملک میں نہیں تو بیرون ملک علاج کرایا جائے۔

بعدازاں چیئرمین سینیٹ معروف قوال امجد صابری شہید کے گھر پہنچے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امجدصابری کے فن کو بند کمرے یا قبر میں نہیں اتار سکتے ہیں۔ امجد صابری کے جنازے میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد دہشت گردوں کے منہ طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کی والدہ اور اہل خانہ ہم سب کو ایک صابری سمجھیں۔انہوں نے امجد صابری کی قتل کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امجد کسی ایک شہر کا گلوکار نہ تھا وہ پورے پاکستان میں یکساں مقبول اور دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت تھا۔

امجد صابری کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائیں گے،انہوں نے کہا کہ امجد صابری سے میرے دیرنہ تعلقات تھے اور اکثر ملاقاتیں بھی رہتیں تھیں چند روز قبل ہی میری ا مجد صابری سے فون پر بات ہوئی تھی،اندازہ نہ تھا کہ ٹیلی فون پر ہونے والی بات آخری ثابت ہو گی اور آئندہ کبھی میں اپنے بھائی سے بات نہیں کر سکوں گا۔اس موقع پر رضا ربانی کے ہمرا ہ سینیٹرز طاہر مشہدی، سعید غنی اور شاہی سید بھی موجود تھے۔