مون سون کی بارشیں پیر سے شروع ہونے کی پیش گوئی‘ اس سیزن بارشوں کی شدت15سے 20فیصد زیادہ ہو گی۔محکمہ موسمیات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 26 جون 2016 11:37

مون سون کی بارشیں پیر سے شروع ہونے کی پیش گوئی‘ اس سیزن بارشوں کی شدت15سے ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26جون۔2016ء) مون سون کی بارشیں پیرکے روزسے شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس سیزن بارشوں کی شدت15سے 20فیصد زیادہ ہو گی۔مگر بڑے شہروں سے پانی کا نکاس کیسے ہو گا کیونکہ صوبائی وضلعی حکومتوں نے اس سلسلہ میں کوئی تیاری نہیں کی جس کی وجہ سے شہروں میں اربن فلڈنگ سے بڑے نقصانات کا خدشہ ہے۔

اس سال مون سون کی بارشیں کل سے شروع ہوں گی اور اس سال بارشوں کی شدت معمول سے 15 سے 20 فیصد زیادہ ہو گی شہروں سے پانی نکالنے والے نالوں کی صفائی نہیں ہو سکی ہے۔ پنجاب اور سندھ کے اکثر شہروں میں بارش کے پانی کا اخراج کرنے والے نالے کچرے اور گندگی سے بھرے پڑے ہیں۔ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک ہے، تاہم اگلے ہفتے سے مون سون سیزن کی بارشیں شروع ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، زیریں سندھ اور مشرقی بلوچستان کے کچھ حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ملک کے میدانی علاقوں میں جھلسا دینے والی دھوپ نے سب کو پریشان کررکھا ہے۔بلوچستان اور سندھ میں گرمی کی لہر بدستور برقرار ہے۔ گرمی کی وجہ سے دن کے اوقات میں بازاروں میں سناٹارہتا ہے۔ ادھر پنجاب کے شہروں میں ملاجلا موسم ہے۔

ادھر خیبر پخونخوا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کی بارش سے گرمی میں کافی حد تک کمی ہے۔ موسم کی تبدیلی سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی فاٹا کےکچھ علاقے بدستور بادلوں میں لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے موسم کافی خوشگوار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں کراچی، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، حیدرآباد، قلات، مکران، نصیرآباد، سبی، ژوب، بہاولپور ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈِ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ڈی جی خان، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد اورکشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :