زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے تمام زراعت افسران کو کاشتکاروں سے قریبی روابط قائم کرنے کی ہدایت کر دی گئی

ہفتہ 25 جون 2016 14:56

فیصل آباد۔25 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جون۔2016ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے خصوصی احکامات کی روشنی میں محکمہ زراعت نے زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے تمام زراعت افسرا ن کو کاشتکاروں سے قریبی روابط قائم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ زراعت افسران اپنے اپنے علاقوں کے کاشتکاروں، کسانوں ، زمینداروں سے مسلسل ملاقاتوں کاسلسلہ شروع کریں اور انہیں زرعی تعلیم ، معلومات ، اطلاعات، مشاورت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ چونکہ پنجاب کے دور دراز کے دیہی علاقوں کے کاشتکاروں کی اکثریت نا خواندہ ہے اس لئے وہ جدید زرعی ٹیکنالوجی سے درست انداز میں استفادہ نہ کر پا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کاشتکاروں کی درست رہنمائی کر دی جائے تو وہ زرعی پیداوار میں مزید اضافہ کا موجب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے تمام افسران کو تحریری ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔