کپاس کی فصل پر ملی بگ کا ٹکڑیوں کی صورت میں حملہ بڑھنے لگا ،کاشتکاروں کو فصل پر کڑی نظر رکھنے اور حملہ شروع ہوتے ہی مناسب تدارک کی ہدایت

ہفتہ 25 جون 2016 14:55

فیصل آباد۔25 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جون۔2016ء)کپاس کی فصل پر ملی بگ کا ٹکڑیوں کی صورت میں حملہ بڑھنے لگاہے لہٰذاکاشتکاروں کو فصل پر کڑی نظر رکھنے اور حملہ شروع ہوتے ہی ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب تدارک کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ مختلف علاقوں میں کپاس کی فصل کے مشاہدے کے دوران یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ بعض مقامات پر کپاس پر ملی بگ کا حملہ بڑھ رہاہے جوکہ تاحال ٹکڑیوں کی صورت میں ہے اس لئے کاشتکار وں سے کہاگیاہے کہ وہ اپنی فصل پر کڑی نظر رکھیں تاکہ حملے کو بڑھنے سے روکاجائے ۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ اگر کپاس پر پتہ لپیٹ وائرس کاحملہ ہو جائے تو کاشتکار دلبرداشتہ ہونے کی بجائے کپاس کی دیکھ بھال پر زیادہ توجہ دیں اور کھاد و آبپاشی کابھی خاص خیال رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر کپاس کی فصل پر سفید مکھی کا حملہ نقصان کی معاشی حد تک پہنچ جائے تو سپرے کرنے میں دیر نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مون سون کی بارشوں کی وجہ سے کپاس کے کھیتوں کو پانی دینے سے پہلے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ضرور سن لیاکریں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر بارشوں کی وجہ سے کچھ کھیتوں میں پانی زیادہ کھڑاہو جائے تو اس کے نکاس کا بھی بروقت انتظام کیا جائے۔