بھارتیہ جنتا پارٹی بے بنیاد بیانات کے ذریعے تنازعہ کشمیر کی تاریخی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتی، میر واعظ

ہفتہ 25 جون 2016 14:53

سرینگر۔ 25جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جون۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر انتظامی ، انتخابی یا امن و اماں کا نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جس سے کشمیریوں کا سیاسی مستقبل وابستہ ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی وزیر نرملا ستھیا رامن کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں کشمیریوں کا کوئی کردار نہیں ہے۔

میر واعظ نے کہا کہ اس طرح کے بیانات کے ذریعے تنازعہ کشمیر کی سیاسی اور تاریخی حیثیت کوتبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ میر وعظ نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا کشمیریوں کی خواہشات کے منافی حل ہرگز پائیدار ثابت نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے بنیادی تاریخی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے اس تنازعہ کے حل کے لیے کشمیریوں اور پاکستان کے ساتھ ایک بامعنی بات چیت شروع کرے۔

انہوں نے کہا کہ حریت قیادت کسی ایسی پالیسی پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھے گی جسکا مقصد کشمیریوں کے مشترکہ مفاد کو نقصان پہنچانا ہو۔ میر واعظ نے کہا کہ آزادی پسند قیادت جمعتہ ا لوداع کے روز تنازعہ کشمیر کے حوالے سے مشترکہ قرار دادوں کا اعلان کرے گی جنہیں تمام مساجد ، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی طرف سے حریت رہنماؤں کو افطار پارٹی میں مدعو کرنے پر بھارتیہ جنتاپارٹی کے کچھ رہنماؤں کے شور شرابے کوانتہائی خیران کن قرار دیتے ہوئے اسے ان کے ذہنی دیوالیہ پن کا مظہرقرار دیا۔

میر واعظ نے حریت قیادت کی نقل وحرکت پر عائد مسلسل پابندی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔