” کشمیرتحریک خواتین “کا سیاسی نظر بندوں کی رہائی کیلئے سرینگر میں احتجاجی دھرنا

ہفتہ 25 جون 2016 14:36

سرینگر ۔ 25جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جون۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں ”کشمیر تحریک خواتین “نے کشمیری سیاسی نظر بندوں کی رہائی کے لیے پریس کالونی سرینگر میں پر امن احتجاجی دھرنا دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمرودہ حبیب کی قیادت میں پارٹی کی درجنوں کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرزاٹھارکھے تھے جن پر ”نظر بندوں کو رہا کرو “، ”نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ بند کرو “اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔

انہوں نے نظر بندوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ہاتھوں میں لوہے کی زنجیر بھی اٹھا رکھی تھی۔ زمرودہ حبیب نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پورے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کیا ہے جہاں حریت رہنماؤں کو آئے روز پابند سلاسل کیا جاتا ہے جبکہ ہر جگہ نوجوانوں کو پکڑ کر تھانوں، جیلوں اور تفتیشی مراز میں پہنچا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ2015میں 9ماہ کے دوران900نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 105پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لگایا گیا ۔ انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماؤں کی بار بار گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ عدالتی احکامات کے باوجود نظر بندوں کو رہا نہیں کرتی ۔زمرودہ حبیب نے تمام سیاسی نظر بندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔