وزیراعلی سندھ نے اویس شاہ اغوا اور امجد صابری قتل کیس کی تفتیش کیلئے جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم بنانے کی منظوری دیدی

امجد صابری قتل کیس میں پیش رفت سرجانی ٹاﺅن سے سیاسی جماعت کا کارکن گرفتار‘ملزم نے امجد صابری قتل کیس سے متعلق اہم انکشافات کئے ہیں۔محکمہ انسداددہشت گردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 25 جون 2016 10:08

وزیراعلی سندھ نے اویس شاہ اغوا اور امجد صابری قتل کیس کی تفتیش کیلئے ..

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25جون۔2016ء) وزیراعلی سندھ نے اویس شاہ اغوا اور امجد صابری قتل کیس کی تفتیش کیلئے جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم بنانے کی منظوری دیدی۔تفصیلات کے مطابق اویس شاہ کے اغوا کو چھ دن اور امجد صابری قتل کو تین دن ہوگئے، تاحال ملزمان کا سراغ نہ لگ سکا، وزیراعلیٰ سندھ نے دونوں ہائی پروفائل کیسز کی تفتیش کے لئے جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دی ہے۔

جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم میں حساس اداروں اور پولیس کے افسران شامل ہونگے، جیل میں قید ملزمان سے بھی تفتیش ہوگی۔کراچی کے دو اہم واقعات کے بعد سندھ حکومت نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس شاہ کی تحقیقات بھی جے آئی ٹی کرے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعلیٰ ہاوس کے مطابق امجد صابری قتل کیس کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنے گی۔

دونوں جے آئی ٹیز میں پولیس افسروں سمیت ایجنسیوں کے افسر بھی شامل ہوں گے۔جے آئی ٹیز اب تک گرفتار ملزموں سے بھی پوچھ گچھ کرے گی ، دونوں واقعات کی تفتیش کیلئے پولیس کی تحقیقاتی کمیٹی پہلے سے ہی قائم ہیں۔صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال نے اعتراف کیا کہ پولیس کے پاس تفتیش کی لئے جیو فینسنگ اور نادرا کی سہولت نہیں جبکہ تھری جی اور فور جی کے حصول کیلئے بھی مسائل ہوتے ہیں۔

آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کا کہنا تھا دونوں کیسز کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ امجد صابری کو چند روز قبل لیاقت آباد کے علاقے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ اویس شاہ کو کلفٹن میں شاپنگ مال کے باہر سے اغوا کیا گیا جن کا اب تک کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔دوسری جانب امجد صابری قتل کیس میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے سرجانی ٹاﺅن سے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے امجد صابری قتل کیس سے متعلق اہم انکشافات کئے ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے امجد صابری قتل کیس کے سلسلے میں سرجانی ٹاﺅن میں ٹارگٹڈ کارروائی کی اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تاہم ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ ادھر ترجمان رینجرز نے بتایا کہ زمین میں چھپایا گیا اسلحہ پہلے سے گرفتار ایم کیو ایم کے عسکری ونگ کے کارندوں کی نشاندہی پر برآمد کیا گیا۔ اسلحہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں 30 بور پستول، 32 بور پستول اور 12 ہزار 8 سو 17 گولیاں بھی برآمدہوئیں۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں لائٹ میشن گن، 222 رائفل، 11 سب مشین گنیں اور 7 ایم ایم رائفلز بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :