برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کی خبر کے بعد پاکستان کی کرنسی مارکیٹ سے پاؤنڈ ،یورو مکمل طور پر غائب

پاؤنڈ کی قیمت میں اضافے کی افواہوں کیوجہ سے ایک روز قبل بڑی تعداد میں پاؤنڈ خریدا گیا،قیمت گرنے کی وجہ سے کوئی بیچنے کو تیار نہیں‘سیکرٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن

جمعہ 24 جون 2016 23:10

برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کی خبر کے بعد پاکستان کی کرنسی مارکیٹ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کی خبر کے بعد سے پاکستان کی کرنسی مارکیٹ سے پاؤنڈ اور یورو مکمل طور پر غائب ہوگئے ہیں ۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر پراچہ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ گزشتہ روز افواہیں تھیں کہ پاؤنڈ کی قیمت میں اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے لوگوں نے ایک روز قبل بڑی تعداد میں پاؤنڈ خریدا جو گزشتہ روز 156 پر بند ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اب جن افراد نے 156 روپے پر پاؤنڈ خریدا ہے وہ 145 پر نہیں بیچیں گے اس لیے انہوں نے ذخیرہ اندوزی کر لی ہے اور وہ اس امید پر ہیں کہ جلد ہی پاؤنڈ کی قیمت میں بہتری آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح برطانوی پاؤنڈ گر کر 140 روپے پر آگیا تھا مگر کیونکہ کوئی بیچنے ہی نہیں آیا تو قیمت میں کچھ اضافہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈالر کے ساتھ شرح تبادل کے حساب سے اس وقت برطانوی پاؤنڈ 139 روپے کا ملنا چاہیے۔ظفر پراچہ کے مطابق یورو بھی 120 روپے سے گرکر 115 روپے پر آگیا ہے تاہم نہ کوئی بیچ رہا ہے اورنہ خرید رہا ہے۔