کوئٹہ کو پٹ فیڈر سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ انقلابی ہے ، بس اور ٹرانزٹ ٹرین منصوبوں سے کوئٹہ کو جدید شہر بنانے میں مدد ملے گی،اراکین اسمبلی

ہم وار زون میں رہ رہے ہیں ،دہشت گردی کے خلاف لڑائی لڑرہے ہیں اچھے برے دہشت گردکی کوئی بات نہیں جو تشدد کرتا ہے وہ دہشت گرد ہے،صوبائی وزیر داخلہ 2013ء کے انتخابات میں ہم واجب القتل تھے ہم پر دہشت گردانہ حملے ہوئے اس وقت اس ملک کے پارلیمنٹ کاحصہ بننا شجر ممنوعہ تھا لیکن ہم نے دہشت گردوں اور دہشت گردی کو چیلنج کیا ،صوبائی وزیر صحت

جمعہ 24 جون 2016 23:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے بجٹ کو مشکل حالات میں بہتر ین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں وسائل بہتر ین انداز میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوئے ہیں،کوئٹہ کو پٹ فیڈر سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ انقلابی ہے ، بس اور ٹرانزٹ ٹرین منصوبوں سے کوئٹہ کو جدید شہر بنانے میں مدد ملے گی،بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو مقررہ وقت سے نصف گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی کی صدارت میں ہوا،اسمبلی میں تیسرئے روز بھی صوبائی بجٹ پر مجموعی عام بحث کا سلسلہ جاری رہا، بحث میں حصہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بجٹ متوازن اور اچھا ہے جس پر تمام دوست مبارکباد کے مستحق ہیں تاہم پیپرا رولز کو دیکھنے اور اس حوالے سے لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ یہ بات ہوئی کہ شاید پاکستان آرمی کا بجٹ کی تیاری میں کوئی کردار ہے تو میں اس ایوان میں کہتا ہوں کہ ہم ان سے امن کے اور دیگر حوالے سے مدد طلب کرتے ہیں فرنٹیئر کور کو بلوچستان حکومت نے ریکوزٹ کیا ہے اسے پولیس کے اختیارات دیئے ہیں جبکہ بجٹ کی تیاری میں جو بھی ہماری مدد کرنا چاہے تجاویز کی صورت میں کرسکتا ہے اور ہمیں جس جس نے تجاویز دیں ہم نے انہیں خوش آمدید کہا لیکن فیصلے کرنا پارلیمنٹ کاکام ہے اور بجٹ کی تیاری ہم نے خود کی انہوں نے کہا کہ ہم وار زون میں رہ رہے ہیں پولیس ہماری فرنٹ لائن فورس ہے ہم دہشت گردی کے خلاف لڑائی لڑرہے ہیں سیکورٹی فورسزنے کئی دہشت گردوں کوان کے انجام تک پہنچایاہے اچھے برے دہشت گردکی کوئی بات نہیں جو تشدد کرتا ہے وہ دہشت گرد ہے اور اس وقت ہم سب دہشت گرداور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں ہم کبھی دہشت گردوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے بلوچستان کے لوگوں نے بہت دہشت گردی سہہ لی اب ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے اور اس وقت تک یہ جنگ جاری رہے گی جب تک بلوچستان میں ایک بھی دہشت گرد باقی ہے،صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ہمیں کم وسائل میں بہت زیادہ چیلنجز درپیش تھے ہمارئے لئے کل بھی مشکلات تھیں اورآج بھی مشکلات درپیش ہیں 2013ء میں ہم نے انتخابات میں حصہ لیا اس وقت صوبے کے 11اضلاع میں دہشت گردی کی جو لہر چلی تھی اب اس کی کمر توڑ دی گئی ہے 2013ء کے انتخابات میں ہم واجب القتل تھے ہم پر دہشت گردانہ حملے ہوئے اس وقت اس ملک کے پارلیمنٹ کاحصہ بننا شجر ممنوعہ تھا لیکن ہم نے دہشت گردوں اور دہشت گردی کو چیلنج کیا 2016ء امتحان کا سال ہے ہم اسی دھرتی کے بچے ہیں میرے ضلع میں28سال کے بعدشہر کی سڑکیں بنی ہیں اس سے پہلے تو حالت یہ تھی کہ فنڈز ریلیز ہوتے تھے اورفنڈزکالعدم تنظیموں کو جاتے تھے ہمیں عوام نے منتخب کیا اور ہم نے واپس عوام کے پاس جانا ہے جو لوگ ہم پر بلا وجہ تنقید کرتے ہیں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور حالات کا جائزہ لیں پھر تنقید کریں 2013ء میں لوگ یہ کہتے تھے کہ ہمیں کوئی ترقی نہیں چاہئے ہمیں صرف امن وامان دے دیں ہمیں بہت سارے مسائل ورثے میں ملے ان مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا میں جب وزیر صحت بنا اور مجھے جو بریفنگ دی گئی اس وقت بلوچستان کے4اضلاع کو چھوڑ کر پورے صوبے میں کہیں بھی گائناکالوجسٹ نہیں تھے لیکن آج صورتحال بدل چکی ہے کوئٹہ سمیت تمام بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت بدل چکی ہے ہم نے تمام ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی ہیسول ہسپتال میں 20سال کے بعد وینٹی لیٹر مشینیں انسٹال ہوئی ہیں سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر کی تعمیر ہوچکی عید کے بعد وزیراعلیٰ اس کا افتتاح کریں گے صوبے میں تین سالوں کے دوران تین میڈیکل کالجز کا قیام ایک بہت اچھی اور زبردست اچیومنٹ ہے ہم نے پہلی دفعہ ہزاروں ڈاکٹروں کو پروموشن دی ہم آئے تو صوبے میں ایچ آئی وی ایڈ ز کا پروگرام بند ہوچکا تھا آج فعال ہے بی ایم سی ، سول ہسپتال ، شیخ زید ہسپتال اسی طرح تمام ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کی حالت ہم نے بدل دی ہے تمام چیزوں کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی نے بجٹ میں تمام شعبوں کو ترجیح دینے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی اور کہا کہ بڑی محنت سے بجٹ بنایا گیا ہے بجٹ بنانا یقینا مشکل کام ہوتا ہے مگر صوبائی حکومت نے فنڈز کی برابری کی بنیاد پر تقسیم کو یقینی بنیایا ہے جس پر حکومت مبارکبادکی مستحق ہے امن و امان پر زیادہ توجہ دی گئی ہے ہمیں اپنے وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنا ہوگا کوئٹہ کو پٹ فیڈر سے پانی کی فراہمی خوش آئند ہے انہوں نے امجد صابری قوال کے قتل اور عالمو چوک دھماکے کی مذمت کی، صوبائی مشیرسرداررضامحمد بڑیچ نے کہا کہ جن حالات میں یہ بجٹ بنااس پر وزیراعلیٰ اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ان حالات میں اس سے بہتر بجٹ ممکن نہیں تھا ہمارے ہاں پانچ سالہ منصوبوں کا رجحان کم ہوگیا ہے نیا بجٹ بنانے سے قبل پرانے بجٹ کا جائزہ لیا جاتا ہے جسکے بعد نیا بجٹ بہتر ہوتا ہے ہمارا ایک مسئلہ آبادی کا صحیح علم نہ ہونا ہے آبادی میں اضافہ نہ ہونے سے وسائل نہیں مل رہے ہمیں اکنامک گروتھ کی طرف توجہ دینا ہوگی ہماری آبادی شہروں کی طرف آرہی ہے جس سے مسائل بڑھ رہے ہیں ڈویڑنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹروں پر توجہ دینا خوش آئند ہے ہم تمام آبادیوں میں ابتک تعلیم کی سہولت اس لئے فراہم نہیں کرسکے کہ ہمارے وسائل کم ہیں نان ڈویلپمنٹ اخراجات بڑا مسئلہ ہے اس پر ہمیں قابو پانا ہوگا اور پیداواری شعبوں پر توجہ دینا ہوگی،عبیداﷲ جان بابت نے اگلے مالی سال کا بجٹ ایک متوازن بجٹ ہے کوئٹہ شہر میں پینے کے پانی ، بس اور ٹرین منصوبوں کے لئے جو رقم رکھی گئی ہے وہ خوش آئند ہے اس سے عوام مستفید ہوں گے انہوں نے کہا کہ امن وامان کے لئے 30ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو ایک اچھا اقدام ہے ہماری پولیس اور لیویز فورس کو ٹریننگ کی ضرورت ہے لیویز اور پولیس اہلکاروں کو جدید خطوط پر ٹریننگ دی جائے اگر مزید رقم کی ضرورت ہوتی ہے تو بھی ہم فراہم کریں گے ہم اس وقت اپنی حکومت کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ44کھرب کا ہے لیکن میں پوچھتا ہوں کہ اس میں ہمارا حصہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مغربی روٹ کے لئے ایک پیسہ بھی نہین رکھا گیا حالانکہ یہ ہم سب کا دیرینہ مطالبہ ہے جس پر عملدرآمد ہونا چاہئے،صوبائی مشیر محمدخان لہڑی نے کہا کہ اس سے بہتر بجٹ ممکن نہیں تھا صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے بجٹ میں امن کیلئے فنڈز رکھاجانا اور کوئٹہ میں بڑے منصوبے شروع کرنا خوش آئند ہے نصیرآباد میں ایری گیشں سسٹم کیلئے بجٹ میں زیادہ فنڈز نہیں رکھے گئے ہیں رکھے جانے چاہئے اوراسکولوں کی اپ گریڈیشن کیلئے بھی فنڈز میں اضافہ کیا جائے،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے عبدالمجید خان اچکزئی نے بجٹ کو مشکل حالات میں بہتر ین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں وسائل بہتر انداز میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوئے ہیں کچھ لوگوں کا خدشتہ تھا کہ بجٹ کہیں اور بنے گا مگر ایسا نہیں ہوا بجٹ وزیراعلیٰ ہاؤس اور پی اینڈ ڈ ی میں بنا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں218ارب روپے غیر ترقیاتی منصوبوں اور71ارب روپے ترقیاتی کاموں کیلئے ہیں ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد ترجیحات کا تعین کیا جاتا تو آج ہماری حالت یہ نہ ہوتی بنیادی سہولیات پر توجہ نہیں دی گئی بلکہ آن گوئنگ منصوبے چلتے رہے حکومت کا کام صرف لوگوں کو نوکریاں نہیں دینا بلکہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ کونسا ملازم اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا اصل مسئلہ مردم شماری نہ ہونا ہے مردم شماری ہونا پنجاب کے مفاد میں نہیں اس لئے مردم شماری نہیں ہورہی اور جب تک ملک میں مردم شماری نہیں ہوگی تو ہمیں اپنی آبادی کا علم نہیں ہوگا جبکہ تمام کام آبادی کی بنیاد پر ہوتے ہیں ہمارا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ مرکز صوبے کو ریونیو نہیں دے رہا گیس کی آمدنی پوری نہیں مل رہی لاہور اور گوجرانوالہ میں جتنی بجلی چوری ہوتی ہے اتنی ہمارے پورے صوبے کو نہیں ملتی 66سال میں ہمیں ایک نیشنل گرڈ اسٹیشن نہیں ملا چشمہ ڑوب ٹرانسمیشن لائن پر کام کا آغاز ہماری حکومت کا کارنامہ ہے اٹھارہویں ترمیم کے بعدقدرتی وسائل کا 50فیصد ہمیں مل جائے تو ہمارے تمام مسائل حل ہوجائیں گی،مجلس وحدت مسلمین کے سید رضا آغا نے کہا کہ صوبائی بجٹ بہتر ہے فیڈرل پی ایس ڈی پی پر ارکان یہاں بیٹھ کر اس پر تشویش کا اظہار کرنے کی بجائے وفاق سے بات کریں تاکہ زیادہ وسائل حاصل کئے جاسکیں فیڈرل پی ایس ڈی پی کو ہمیں سنجیدگی سے لینا ہوگا اور کوشش کی جائے کہ بہتر منصوبہ بندی سے کام کریں تاکہ ہمارے فنڈز لیپس نہ ہوں کوئٹہ کیلئے پانچ ارب روپے رکھاجانا بہتر اقدام ہے کوئٹہ سے تجاوزات کا خاتمہ ،پانی کی فراہمی اور ڈیمز بنانے پر توجہ نہ دی گئی اب فوری طور پر پانی کیلئے ڈیمز بنانے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ انکے پاس 1974ء کا ریکارڈ ہے انکے شناختی کارڈ بلاک نہ کئے جائیں انہوں نے عالمو چوک واقع اور امجد صابری قوال کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے زوردیا کہ نام بدل بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کی جائے،پشتونخوامیپ کی رکن معصومہ حیات نے بجٹ کوعوام دوست اور متوازن قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اورکہا کہ بلوچستان ملک کا 44فیصد حصہ اور وسائل سے مالا مال ہے مگر فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ہم پسماندہ ہیں سی پیک روٹ کومکمل کرکے بے روزگاری کا خاتمہ کیا اور ملک کو خوشحال بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تمام شعبوں کو توجہ دی گئی ہے امن و امان کا قیام حکومت کا کارنامہ ہے مگر فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے لئے فنڈز میں اضافہ بہتر ہے تاہم این ٹی ایس میں مزید بہتری لائی جائے پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے ڈیمز بنائے جائیں کوئٹہ کے لئے فنڈز رکھاجانا بہتر ہے۔انہوں نے زو ردیا کہ ہاؤس بلڈنگ قرضوں کا سلسلہ بحال اور اس کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے،جمعیت علماء اسلام کے رکن اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے وزیراعلیٰ کو کوئٹہ پر توجہ دینے پر مبارکباد دی اور کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا شہر ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک کے تین سال میں بارکھان کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا امید ہے کہ نواب ثناء اﷲ زہری کے دور میں ایسا کچھ نہیں ہوگا ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام کی خدمت ہمارا کام ہے عوامی نمائندوں کو زیادہ بہتر علم ہوتا ہے کہ کونسا منصوبہ کہاں کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال میں تعلیم اور صحت کی بڑی باتیں ہوئیں مگر میرا حلقہ ان دونوں سہولیات سے محروم ہے وزیراعلیٰ بارکھان سول ہسپتال کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا درجہ دیں بجٹ میں بلڈوزر کے گھنٹے کم رکھے گئے ہیں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے زوردیا کہ رکھنی میں کیڈٹ کالج قائم کیا جائے، جمعیت علماء اسلام کی رکن اسمبلی حسن بانو رخشانی نے کہا کہ ہمارا بجٹ کھربوں روپے تک پہنچ گیا مگر ہم ایم پی اے اپنے فنڈز کیلئے پریشان رہتے ہیں ہمیں فنڈز نہیں ملتے لیکن و ہ کرپشن کا شکار ہوجاتے ہیں اس وقت ہمارے لوگوں کے پاس کھانا اور علاج کی سہولت نہیں ایسے میں اربوں کا بجٹ کیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بم دھماکوں کا نشانہ بننے والوں کو ابھی تک کوئی معاوضہ نہیں ملا ارکان اسمبلی کے گن مینوں کی تنخواہیں بڑھاکر بیس ہزار روپے کی جائیں، مسلم لیگ(ق) کی رکن اسمبلی ڈاکٹررقیہ ہاشمی نے کہا کہ مخلوط صوبائی حکومت کااتفاق رائے سے بجٹ بنانا خوش آئند ہے تاہم جاری منصوبوں کیلئے بہت کم فنڈز رکھے گئے ہیں تاہم بڑے منصوبوں کا اعلان خوش آئند ہے ہیلتھ کیلئے جاری منصوبوں کیلئے چار ارب رکھے گئے ہیں مگر سول ہسپتال اور بی ایم سی میں عوام کو ایمرجنسی کی سروسز نہیں ملتی اس طرف توجہ دی جائے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کی سہولتیں بہتر بنائی جائیں یونیورسٹیوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے کوالٹی ایجوکیشن پرتوجہ دی جائے سی پیک کو جلد مکمل کیا جائے،نیشنل پارٹی کی رکن اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق نے بجٹ کو متوازن قرا ردیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں کوئٹہ کیلئے پانچ ارب روپے رکھنا ماس ٹرانزٹ ٹرین اور بس سروس خوش آئند ہے۔

انہوں نے زوردیا کہ خاران میں کشیدہ کاری کے سینٹر بنائے جائیں جس سے خواتین کو روزگار کے ملنے کے ساتھ حکومت کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صرف گیس کی ہمیں مکمل آمدن مل جائے تو بے روزگاری کا خاتمہ ہوجائے گا۔انہوں نے زوردیا کہ غیرقانونی ماہی گیری کا خاتمہ ،کم پانی والی فصلیں اور درخت لگائے جائیں ماں اور بچے کی شرح اموات پر قابوپایا جائے اساتذہ کی حاضریوں کو یقینی بناکرتعلیم کو فروغ دیا جائے،ثمینہ خان نے کہا کہ اس دفعہ بجٹ پر تنقید کی اتنی گنجائش نہیں ہے البتہ تجاویز ضروردی جاسکتی ہیں بجٹ میں کوئٹہ شہر کی خوبصورتی کے لئے فنڈز کا مختص کیا جانا انتہائی اچھا اقدام ہے ہمیں جب اچھا موقع ملے گا تو ہمارے کام کی رفتار بھی بہتر ہوگی اسی طرح کوئٹہ کے ساتھ ساتھ ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز کے لئے بھی رقم مختص کی گئی ہے سکولوں میں واٹرپمپس اور واش رومز کے لئے رقم رکھی گئی ہے لیپ ٹاپ سکیم بھی خوش آئند ہے مگر میری تجویز یہ ہے کہ اس میں تھوڑی جدت اور تبدیلی لائی جائے سکولوں کی اپ گریڈیشن کافیصلہ بہت اچھا ہے مگر ایک بات جو میں نے نوٹ کی ہے وہ یہ ہے کہ ہماری فزیبلٹی رپورٹ صحیح کام نہیں کررہی کیونکہ ہم یہ طے ہی نہیں کرپاتے کہ کن سکولوں کو اپ گریڈ کرنا ہے اور کہاں نئے سکول قائم کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان کا مسئلہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے یہاں اراکین اسمبلی نے جو تقاریر کیں ان کے مطابق ہم نے امن وامان کی بحالی کاکام 90فیصد کرلیا ہے یا 80فیصد یا 75فیصد جبکہ سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ امن وامان کی حالت خراب کیوں تھی بیماری کے علاج کے لئے اس کی تشخیص ضروری ہے۔ہمیں فارن پالیسی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے بلوچستان حکومت آزاد ہونی چاہئے اسے وفاق سے بات کرنی چاہئے اور اپنی بات منوانی چاہئے اسی طرح افغان مہاجرین کے حوالے سے بلوچستان حکومت کو اقدام اٹھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عام طو رپر یہ دیکھا گیا ہے کہ ہم وومن ڈویلپمنٹ پر بہت زیادہ توجہ نہیں دیتے جو کہ خواتین کا حق ہے معذور اور اقلیتی برادری کا بجٹ میں ذکر کیا گیا ہے اگر معمر خواتین اور بیواؤں کے لئے بھی کوئی اقدام کیا جاتا تو یہ اچھا ہوتا اسی طرح سپیشل اکنامک زونز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ایک انتہائی اچھا اقدام ہے بلوچستان حکومت نے ایک عوامی بجٹ بنایا گیا، مسلم لیگ(ن) کی کشوراحمد جتک نے بہتر ین بجٹ بنانے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان ،تعلیم اور صحت کو بجٹ میں اہمیت دی گئی ہے جو خوش آئند ہے کوئٹہ کیلئے فنڈز رکھنا بہتر اقدام ہے خصوصی افراد کیلئے کالج کا قیام کا اعلان خوش آئند ہے تاہم خصوصی افراد کیلئے پارک بھی بنائے جائیں ،بجٹ پر ابھی بحث جاری تھی کہ اسپیکر نے اجلاس آج دن 12 بجے تک ملتوی کردیا۔