عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے رمضان بازاروں میں شہریوں کو رعایتی نرخوں پر روز مرہ استعمال کی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں‘راجہ اشفاق سرور

،وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی طرف سے اعلان کردہ پانچ ارب روپے کے رمضان پیکیج کے ذریعے عوام کو اشیاء خورد و نوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی گئی ہے‘صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت

جمعہ 24 جون 2016 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) صوبائی وزیرمحنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے رمضان بازاروں میں شہریوں کو رعایتی نرخوں پر روز مرہ استعمال کی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں ،وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی طرف سے اعلان کردہ پانچ ارب روپے کے رمضان پیکیج کے ذریعے عوام کو اشیاء خورد و نوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ،صوبائی وزراء ، انتظامی سیکریٹریز ، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے افسران باقاعدگی سے رمضان بازاروں کا دورہ کرکے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں اوران کے معیارکو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں اور منافع خوروں کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جا رہا ہے-انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیکسلا میں رمضان بازار کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا- پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر سردار ممتاز خان ، راجہ حفیظ الرحمن ، ڈاکٹر ماریہ کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا شاہد عمران ، ٹی ایم او قمر ذیشان ، ڈی ایس پی ٹیکسلا ساجدگوندل، انچارج رمضان بازار محمدخالد ستی، ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی رضا احمد، سوشل سیکیورٹی آفیسرملک فرخ اور دیگر متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے -صوبائی وزیرمحنت و افرادی قوت نے کہا کہ رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی تھوک و پرچون کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کرکے مہنگائی کے سدباب کی کوششیں کی جا رہی ہیں - انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عام بازاروں اور مارکیٹوں میں یومیہ بنیادوں پر چھاپے مار کر قیمتوں کی چیکنگ کر رہے ہیں اور منافع خوروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہو رہی ہے - راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ان تمام کوششوں کا مقصد عوام کو مہنگائی سے بچانا اور انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے - انہوں نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں تازہ پھلوں، سبزیوں اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی ڈیمانڈ اور سپلائی کو پیش نظر رکھ کر دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ ذخیرہ اندوزی کا سدباب ہو سکے اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہو- صوبائی وزیر نے اس موقع پر رمضان بازار ٹیکسلا میں مختلف سٹالوں کا معائنہ کرکے نہ صرف اشیاء کے معیار کا جائزہ لیا بلکہ دکانداروں اور خریداروں سے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کے بارے میں استفسار کیا- انہوں نے اس موقع پر اوزان اور پیمانوں کی چیکنگ کے حوالے سے بھی رمضان بازار کی انتظامیہ سے دریافت کیا- صوبائی وزیر نے رمضان بازار میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں اور معیار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا- اس موقع پر خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ رمضان بازار میں ضرورت کی تمام اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں ان اشیاء کی قیمتیں کم اور معیار تسلی بخش ہے - شہریوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کے ذریعے انہیں ایک ہی مقام سے اشیائے خورد و نوش سستے داموں آسانی سے مہیا ہو رہی ہیں جو کہ ایک بڑی سہولت ہے -

متعلقہ عنوان :