امجد صابری کا قتل بہت بڑا سانحہ ہے،امجد صابری نے پوری دنیا میں امن و محبت اور برداشت کا بے مثال پرچار کیا، دہشت گردی و انتہاپسندی ہماراسب کا اجتماعی مسئلہ ہے،جس کیلئے ہم سب کو متحد ہو کر دہشتگردی کے خلاف لڑنا ہوگا، فرمان علی مغل نومنتخب چیئرمین

جمعہ 24 جون 2016 22:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے رہنما و یوسی42 اسلام آباد سے فرمان علی مغل نے کہاہے کہ سفاک دہشت گردوں نے پاکستان کے عظیم صوفی قوال امجد فرید صابری کو قتل کرکے درندگی کی انتہا کردی ،اُن کا قتل بہت بڑا سانحہ ہے،امجد صابری کابزدل دہشتگردوں کے ہاتھوں قتل پوری قوم کا نقصان ہے۔

انہوں نے کہاکہ امجد صابری نے پوری دنیا میں امن و محبت اور برداشت کا بے مثال پرچار کیا، پاکستان کی عوام امجدصابری سے محبت کرتے ہیں اوراُن کو پاکستان کی عوام خیرسگالی کے طورپر ہمیشہ یاد رکھے گی۔اپنے بیان میں فرمان علی مغل نے مزید کہاکہ امن دشمن ٹارگٹ کلرز کراچی میں امن کے قیام کی کوشش کوناکام بنانا ور دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈامن کی بحالی کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، ملک کوانتہاپسندی کے عفریت سے چھٹکارا دلانے کیلئے تمام اعتدال پسند سیاسی و مذہبی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاہوناہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مذہبی ،انتہاپسندی اور تکفریت کا فروغ وطن عزیز کے استحکام اور قومی امن و سلامتی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں،دہشتگردی و انتہاپسندی ہمارا سب کا اجتماعی مسئلہ ہے جس کیلئے سب کو متحد ہو کر دہشتگردی کے خلاف لڑنا ہوگا۔نومنتخب چیئرمین فرمان علی مغل نے کہاکہ تحمل،برداشت اور بردباری ہمارا ورثہ ہے جسے دہشتگرد ختم کررہے ہیں ہم نے متحد ہو کر اپنے اس ورثے کو واپس لینا ہے اور دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :