امجد فرید صابری کا سوئم، خورشید شاہ، قیوم سومرو، وسیم اختر، رؤف صدیقی سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

جمعہ 24 جون 2016 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) ملک کے معروف قوال و امجد فرید صابری کا سوئم جمعہ کوان کی رہائش گاہ واقع لیاقت آباد میں منعقد ہوا۔سوئم میں قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، صوبائی مشیربرائے مذہبی امور قیوم سومرو، ایم کیو ایم کے رہنماوسیم اختر، رؤف صدیقی، اداکارہ زیبا بختیار سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات ،ان کے عقیدت مندوں اور شہریوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ امجد صابری کا قتل اور چیف جسٹس کے بیٹے کا اغواء ایک امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک محبت بھری آواز کو خاموش کر دیا ہے جو کہ اسلام کی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ کراچی پرامن شہر بن چکا تھا، دہشت گردوں نے کراچی کے امن کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے اقدامات میں کامیاب ہو گی۔