عالمی استعمار کے خلاف عالم اسلام کو اتحاد کی ضرورت ہے، مسلمانوں کے وسائل پر اسلام دشمن قوتیں قابض ہیں

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا مکہ مکرمہ میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب

جمعہ 24 جون 2016 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے خلاف کفر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ملت اسلامیہ متحد ہواور اپنے وسائل پر سے اسلام دشمن قوتوں کا قبضہ ختم کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرے ۔پاکستان میں کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔

عید کے بعد کرپشن اور کرپٹ مافیا سے آخری معرکہ ہوگاجس کا آغاز راولپنڈی میں پیدل مارچ سے ہوگا۔ وہ مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عالم اسلام کو بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال کررکھا ہے ،دنیا میں تیل کے سب سے زیادہ ذخائر مسلمانوں کے پاس ہیں ۔

(جاری ہے)

اسلامی ممالک میں نوجوانوں کی تعداد یورپ اور مغرب سے کئی گنا زیادہ ہے ۔مغربی معاشرہ بوڑھوں کا معاشرہ ہے۔ان معاشروں میں انسانی قدریں دم توڑ رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے آخری پیغمبر کی امت میں پید ا کیا ہے جو انشاء اللہ دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوگی اور اللہ تعالیٰ نے اپنے مخلص بندوں سے فتح و نصرت کاجو وعدہ کیا ہے ، وہ پورا ہو کر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام اپنے دشمن کو پہچانے اور اپنے وسائل پر قابض عالمی استعمار کا قبضہ ختم کرنے کیلئے متحد ہوجائے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ۔کرپٹ اور خود غرض حکمرانوں نے کرپشن سے اپنے عشرت کدے تعمیر کئے ہیں مگر عوام کو دو وقت کا کھانا نصیب نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کرپشن کے خلاف جاری عوامی مہم کو ناکام کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں لیکن اب ان کی سازشیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے بعد راولپنڈی میں کرپشن کے خلاف پیدل مارچ سے کرپشن فری پاکستان تحریک اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کو احتساب سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے ۔ہم سب کا بلا امتیاز احتساب چاہتے ہیں اور ہماری جدوجہد کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک سے لوٹی گئی دولت کو سوئٹزرلینڈ برطانیہ ،امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے بنکوں سے واپس لایا جائے اور اسے عوام کی محرومیاں دور کرنے پر خرچ کیا جائے ۔