وزیر داخلہ کا وفاقی دارالحکومت میں ون ویلنگ سے متعلق رپورٹس پر نوٹس، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا حکم

جمعہ 24 جون 2016 22:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی دارالحکومت میں ون ویلنگ سے متعلق میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دیدیا۔وزیرِداخلہ کی ہدایت پر ون ویلینگ کی روک تھام کیلئے پولیس کے خصوصی ناکے قائم،یکم رمضان سے اب تک 249چالان جبکہ 84500روپے جرمانہ کیا گیا تفصیلات کے مطابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پروفاقی دارالحکومت میں ون ویلینگ کی روک تھام کے لئے اسلام آباد پولیس کی جانب سے سپیشل ناکے قائم کر دیے گئے ہیں۔

یکم رمضان سے اب تک ون ویلنگ کی مد میں 249چالان جبکہ 84500روپے جرمانہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ اسلام آبادمیں ون ویلینگ سے متعلق میڈیامیں چھپنے والے خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِداخلہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہ رمضان کے شروع ہوتے ہی نوجوان اور کم عمر لڑکے دارالحکومت کی مختلف سڑکوں پر افطاری کے بعد سحری تک موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرنا شروع کر دیتے ہیں جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور شہریوں کے مشکلات کا باعث بنتا ہے بلکہ اس دوران متعدد حادثات بھی پیش آتے ہیں۔

رپورٹس میں وزیرِداخلہ سے اپیل کی گئی کہ وہ اس امر کا نوٹس لیں جس پر وزیرِداخلہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کو مزید تیز کریں اور اس سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

متعلقہ عنوان :