امجد صابری کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے،چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر

جمعہ 24 جون 2016 21:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ امجد صابری کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اس روایت کو قائم کیا جائے کہ صوبائی حکومت اور کراچی کی پولیس کسی ایک ہائی پورفائل کیس کے ملزمان کو گرفتار بھی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک منصوبے کے تحت کراچی میں ایک مرتبہ پھر بدامنی پیدا کی جارہی ہے تاکہ کراچی کے ذریعے پورے ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا جائے اور آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی کامیابیوں کو ناکامیوں میں تبدیل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے ، ملک دشمن قوتیں اور دہشت گرد کراچی کو تختہ مشق بنائے ہوئے ہیں اور بار بار اس شہر کو تادراج کیا جاتا ہے ۔ اب پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور مقتدر حلقوں کو کراچی کے حوالے سے سنجیدگی سے سوچنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

کراچی کو صرف مہاجر شہر ہونے کی سزا دی جارہی ہے ۔ یہاں وقفے وقفے سے ہونے والی دہشت گردی کے واقعات نے نہ صرف کراچی کی معیشت کو تباہ کیا ہے بلکہ یہاں رہنے والے 2کروڑ سے زائد مہاجر خود کوغیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کا امن وامان کے حوالے سے کردار انتہائی نااہلی کا ہے ۔ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں گرفتار کئے جانے والے ملزمان کو صوبائی حکومت مکمل تحفظ فراہم کررہی ہے۔ عدالتوں کے ذریعے ان کے کیس کمزور کئے جارہے ہیں جس سے ان دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حوصلہ شکنی،ا گر یہی صورتحال برقرار رہی تو پھر کراچی سمیت سندھ میں ہونے والی دہشت گردی کو روکنا ناممکن ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :