وزیر اعظم نواز شریف کے وژن اور بہترین طرز حکمرانی کے باعث 2018ء میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی یقینی ہے‘اپوزیشن سیاسی جماعتیں اپنی پیش آمدہ ناکامی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ‘مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ملک اور عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے ‘رمضان بازاروں میں مناسب دام پر اعلیٰ کوالٹی کی ا شیاء کی فراہمی سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مددملی ہے

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کی افطار پارٹی کے موقع پر شیخوپورہ میں میڈیا سے بات چیت

جمعہ 24 جون 2016 21:27

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے جمعہ کو ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آبادکے نواحی قصبے مانیاں والا میں اپنے اعزا ز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاہے کہ محمدنواز شریف کے ملک کی ترقی سے متعلق وژن اور مسلم لیگ (ن) کی بہترین طرز حکمرانی کے باعث2018ء کے جنرل الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ن) کی بھاری اکثریت سے کامیابی واضح طور پر نظر آ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی بہترین حکمت عملی کے باعث ملک کو دہشت گردی معاشی بد حالی اور توانائی بحران جیسے بڑے بڑے چیلنجزز پر قابو پالیا ہے جس کے باعث مسلم لیگ (ن) کا عوام میں مقبولیت کا گراف اور بھی بلند ہو گیا ہے اور اس میں اب شک والی کوئی گنجائش نہیں ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی 2018 ء کے الیکشن میں کامیاب ہو کر ملک کی ترقی سے متعلق اپنے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کرے گی۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ گزشتہ تین سال پاکستان کی تاریخ میں ترقی اور بہترین طرز حکمرانی کے باعث اپنی مثال آپ ہیں جس میں نہ صرف حکومت نے بڑے بڑے چیلنجزز پر قابو پایا بلکہ پاکستان کو پاک چین اقتصادی راہداری اور توانائی جیسے میگا پروجیکٹس کی صورت میں معاشی ترقی کی ایک ٹھوس بنیاد فراہم کردی ہے کہ جس کے باعث دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو خطے کی مضبوط ترین معاشی طاقت بننے سے نہیں روک سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کی ایسی صبح کو روکنے کے لیے ملک دُشمن طاقتیں طرح طرح کی سازشیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جب پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے تو چند نادان دوست ،سیاسی جماعتیں محض اپنے اقتدار کی خاطر مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں تاکہ ملک کی ترقی کے اس عمل کو ڈی ریل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مخالف سیاسی جماعتوں کو محض جھوٹے پروپیگنڈوں کے برعکس 2018ء تک انتظار کرنا چاہیے اور عوام کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر نے خانقاں ڈوگراں میں رمضان بازار کا دورہ کیا اور عوام سے رمضان بازار میں فروخت کی جانے والی اشیاء اور اُن کی قیمتوں سے متعلق اُن کے تاثرات لیے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے رمضان بازار میں بہترین انتظامات اور کوالٹی کنٹرول جیسے اقدامات میں رمضان جیسے بابرکت مہینے میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں کافی مد د ملی ہے جس سے عوام بے حد خوش نظر آتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے برعکس سندھ اور خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومتیں اپنی بدانتظامی کے باعث رمضان جیسے بابرکت مہینے میں بھی عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے میں ناکام رہی ہیں جس کے باعث ان صوبوں کے عوام مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی جیسے مسائل کا شکار ہیں۔