Live Updates

آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے ،پارٹی امیدواران کی بھرپور انتخابی مہم چلائے گی ‘ کسی بھی جماعت کو الیکشن میں غنڈہ گردی اور دھونس دھاندلی کی ہر گز اجازت نہیں دے جائے گی

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف جہانگیر ترین کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی گوجرنوالہ کے امیدوارن کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 24 جون 2016 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پارٹی امیدواران کی بھرپور انتخابی مہم چلائے گی ،کسی بھی جماعت کو الیکشن میں غنڈہ گردی اور دھونس دھاندلی کی ہر گز اجازت نہیں دے جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین سیکرٹریٹ میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی گوجرنوالہ ڈویژن کے امیدوارن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ ، اجلاس میں اعجاز احمد چوہدری ،غلام محی الدین دیوان ، عمر ڈار ، برگیڈئیر ر اسلم گھمن، محمد حسین سرگالہ ، چوہدری مقبول، اکمل سرگالہ، ندیم نثار، سعید ڈار، ثاقب سلیم بٹ و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا گیا ۔ اجلاس میں امیدواران نے اپنی اپنی رپورٹ پیش کیں۔اجلاس سے جہانگیر ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پارٹی امیدواران کی مرکزی سطح تک بھرپور انتخابی مہم چلائے گی اور کسی بھی جماعت کو الیکشن میں غنڈہ گردی اور دھونس دھاندلی کی ہر گز اجازت نہیں دے گی ،امیدواران اپنے اپنے حلقوں میں عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور کارکنوں کو متحرک کرے ، کشمیری عوام کی نظریں عمران خان پر لگی ہوئی ہے، موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے ،حکمرانوں نے ملک کو مسائلستان بنا دیا ہے ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں حکمران قوم کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے سنجیدہ ہی نہیں۔

اجلاس سے اعجاز احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی میدان میں تحریک انصاف کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ، کراچی خون اور آگ میں جل رہا ہے ، بے حس حکمران نواز شریف کی آمد پر جشن منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں ۔سرکاری وسائل سے آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ لینے والی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو عبرت ناک شکست ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں فوج تعینات کی جائے ،پی ٹی آئی خیبر پختون خواہ کی طرح آزاد کشمیر میں بھی عوام کی بھرپور خدمت کرے گی ،کشمیر کے عوام آف شور زدہ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیں عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جو آزاد کشمیر کی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے، پی ٹی آئی عید کے بعد کرپٹ حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر ہو گی ۔

اجلاس سے غلام محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن کو پر امن اور صاف اور شفاف بنانے کے لئے فوج کی تعیناتی اشد ضروری ہے تا کہ کشمیری عوام آزاد ی کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکے ، انہوں نے کہا کہ چوروں اور لٹیروں سے نجات حاصل کرنے کے لئے کشمیری عوام تحریک انصاف کا ساتھ دیں ،پی ٹی آئی انشاء اﷲ آئندہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد حکومت بنائے گی ، جیت پی ٹی آئی کا مقدر بنے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات