80کروڑ روپے کے خصوصی فنڈ کے اعلان نے اہل خضدارکے عوام کے حوصلوں میں اضافہ کردیاہے، میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد

جمعہ 24 جون 2016 21:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 جون ۔2016ء ) میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے 80کروڑ روپے کی خصوصی فنڈ کے اعلان نے اہل خضدارکے عوام کے حوصلوں میں مذید اضافہ کردیاہے اس رقم کے ملنے سے خضدار کو جدید طرز کے شہر میں ڈھالنے میں مدد ملیگی ۔ یقینا خضدار محل ووقوع کے اعتبار سے ایک بڑا اور گنجان آبادی والا شہر ہے ۔

آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کی ضرورتوں میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوا ہے ۔جب یہ خطیر رقم خضدار میں خرچ ہوگی تو شہرکی خوبصورتی میں دُگنا اضافہ ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء و میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ خضدار میں پہلے مرحلے میں خضدار شہر کی تمام سڑکوں کو پختہ کرلیا گیا اور شہر میں داخلی راستوں کو بھی پکی کرلی گئی ۔

(جاری ہے)

اب اگلے مرحلے میں خضدار شہرکی دیگر ضرورتوں پر رقم خرچ کرکے اس کی تعمیر و ترقی کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان سے یہی امید رکھتے ہیں کہ وہ خضدار شہر پر زیادہ توجہ مرکوز کرکے اس کے تعمیر و ترقی کے لئے میونسپل کارپوریشن کا زیادہ سے زیادہ مدد گار اور معاون ثابت ہونگے ۔ اور اہل خضدار موجودہ صوبائی حکومت سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس شہر کے ساتھ زیادہ اپنائیت اور لگاؤ رکھ کر اس کی تعمیر و ترقی میں میونسپل کارپوریشن کے ساتھ بھر پور تعاون کریگی ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری کی جانب سے اعلان کردہ 80کروڑ روپے کے فنڈ زکی فراہمی سے میونسپل کارپوریشن کو مشینری اور شہر کی تعمیر کے حوالے سے ضرورتیں کافی حد تک پوری ہونگی ۔ خضدار کا ایک اہم مسئلہ قلت آب ہے ۔ زیر زمین پانی کی قلت بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو پانی کے حوالے سے بھی کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہرکی آبادی بھی پہلے سے زیادہ کافی بڑھ چکی ہے اور پانی کا استعمال بھی اُتنا زیادہ ہوا ہے جب کہ دوسری جانب بارشیں کافی عرصے سے نہیں ہوئی ہیں یہی وجہ ہے کہ زیر زمین پانی کے ذخائر ختم ہوتے جارہے ہیں اس اہم مسئلے کی جانب توجہ مرکوز کرنا بے حد ضروری ہوگیا ہے ۔

پانی زندگی ہے جب پانی نہیں ہوگا توزندگی بھی رک جائیگی ۔ پانی کی قلّت کے خاتمہ کے لئے ہنگامی بنیادوں پرا قدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :