وزیراعلیٰ بلوچستان کا بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہارافسوس

جمعہ 24 جون 2016 21:07

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے عالمو چوک پر ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور بے گناہ لوگوں کے زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس سے دہشت گردی کے اس واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والوں اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس کے دوران معصوم انسانی جانوں کو نشانہ بنانے والے درندہ صفت عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے حکومت پرعزم ہے اور اس سلسلے میں سیکورٹی فورسز ہمت، حوصلے اور جوانمردی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ آج دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور ان کے پاس چھپنے کے لئے کوئی جگہ نہیں۔

بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :