پاکستان میں انڈونیشیاء کے سفیر کادورہ خیبر پختونخوا چیمبر ،صدر ذوالفقار علی خان سے ملاقات

خیبر پختونخوا چیمبر اور پاکستان میں انڈونیشن سفیر کے مابین دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ پر اتفاق پاک فوج کی جانب سے شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے قومی معیشت میں بڑی حد تک بہتری آئی ہے،ذوالفقارعلی خان

جمعہ 24 جون 2016 21:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء)خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان اور پاکستان میں انڈونیشیاء کے سفیر Iwan Suyudhie Amri کے مابین دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے ٗ تجارتی حجم میں اضافے ٗ سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مستفید ہونے ٗ چیمبر کی سفارش پر ویزوں کے اجراء اور تجارتی وفود کے تبادلے سمیت پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگرکرنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہوا ہے جبکہ انڈونیشیاء کے سفیر نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر اور اراکین کو انڈونیشیاء کے شہر جکارتہ میں 12 سے 16 اکتوبر 2016ء کو ہونیوالے ٹریڈ ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انڈونیشیاء کے سفیر نے گذشتہ روز خیبر پختونخوا چیمبر کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر چیمبر کے سابق صدور غضنفر بلور ٗ ریاض ارشد ٗ زاہداﷲ شنواری ٗ ملک نیاز احمد ٗ صوفی بشیر احمد درانی ٗ ملک زاہد حسین ٗ چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید ٗ نائب صدر شجاع محمد ٗ چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین حاجی محمد افضل ٗ محمد اقبال ٗ سعد خان زاہد ٗ صادق امین ٗ راشد اقبال صدیقی ٗ اشتیاق محمد ٗ شبنم منیر اورانجینئر مقصود انور پرویز ٗ فیض محمد فیضی ندیم رؤف ٗملک افتخار احمد اعوان ٗ صدر گل ٗ عابد اﷲ ٗ فضل واحد اور فیض رسول اور انڈونیشین سفارتخانے کے اعلیٰ حکام اور اہلکار بھی موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے انڈونشین سفارتکار کو بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے قومی معیشت میں بڑی حد تک بہتری آئی ہے اور صنعت و تجارت کے شعبے کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے انڈونیشین سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاورجنریشن سمیت صنعت و تجارت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ انڈونیشین سرمایہ کار حکومت پاکستان کی جانب سے خیبر پختونخوا کے لئے دیئے گئے مراعاتی پیکیج سے استفادہ حاصل کرے ۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت گورنر خیبر پختونخوا کی توسط سے قبائلی علاقوں میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ اور روزگار کی فراہمی کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس مقصد کے لئے دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے تجارتی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔

پاکستان میں انڈونیشیاء کے سفیر نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان کی جانب سے صوبے میں انڈسٹریلائزیشن اور تجارت کے فروغ کے لئے چیمبر کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کو سراہا اور انڈونیشین سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد بیرونی دنیا میں پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنا چاہئے تاکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فرو غ حاصل ہو ۔

انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر اور اراکین کو انڈونیشیاء کے شہر جکارتہ میں 12 سے 16 اکتوبر 2016ء کو ہونیوالے ٹریڈ ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی اور کہا کہ دونوں ممالک میں تجارتی روابط کے فروغ سے دونوں ملکوں کی معیشت کو استحکام ملے گا اور تجارتی حجم کو بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدرذوالفقارعلی خان کی جانب سے معاشی اصلاحات اور تجارتی روابط کے فروغ سے متعلق سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں ہر ممکن تعاون کریگا ۔